نئی دہلی ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) سبسیڈی والی پکوان گیس کی قیمت میں آج 2.71 روپئے کا اضافہ کیا گیا جو بین الاقوامی شرحوں میں اچھال اور روپیہ کی قدر میں گراوٹ کے سبب اساسی قیمت بڑھنے پر ٹیکس کے اثر کا نتیجہ ہے۔ انڈین آئیل کارپوریشن (آئی او سی) کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ رعایتی ایل پی جی کی قیمت آج نصف شب سے دہلی میں 493.55 روپئے ہوجائے گی۔ تیل کمپنیاں ہر ماہ کی پہلی تاریخ پر ایل پی جی قیمت پر نظرثانی کرتے ہیں جس کا انحصار اوسط کسوٹی والی شرح اور گزرے ماہ میں بیرونی زرمبادلہ کی شرح پر ہوتا ہے۔ بیان میں بتایا گیا کہ قیمت میں تازہ اضافہ بنیادی طور پر گھریلو غیررعایتی ایل پی جی کی نظرثانی شدہ قیمت پر عائد ہونے والے جی ایس ٹی کے باعث ہوا ہے۔ زیادہ اونچی عالمی شرحوں کے نتیجہ میں دہلی میں غیررعایتی ایل پی جی کی قیمت 55.50 روپئے فی سلنڈر بڑھ جائے گی۔ بقیہ 52.79 روپئے (55.50 روپئے میں سے 2.71 روپئے منہا کرنے پر) کی پابجائی کسٹمر کیلئے کی جارہی ہے جو اُن کے بینک کھاتے میں سبسیڈی ٹرانسفر کے ذریعے کیا جاتا ہے۔کنزیومرس غیرسبسیڈی یا مارکیٹ کی قیمت والا ایل پی جی سلنڈر 14.2-kg کے فی گھرانہ 12 رعایتی سلنڈروں کا کوٹہ ختم ہوجانے کے بعد خریدتے ہیں۔