حیدرآباد 21 جولائی ( پی ٹی آئی ) معروف بیڈمینٹن کھلاڑی جوالہ گٹا نے ایل پی جی سبسڈی واپس کرنے کی مہم کی آج تائید کی ہے ۔ جوالہ گٹا نے یہاں ایک فیول اسٹیشن پر اس مہم کی تائید کی اور انہوں نے کہا کہ عوام کو اس تحریک میں حصہ لینے کیلئے آگے آنے کی ضرورت ہے تاکہ ان افراد کی زندگیوں میں تبدیلی لائی جاسکے جن کے پاس پکوان گیس کنکشن نہیں ہے اور وہ لکڑی ‘ کوئلہ اور کیروسین جیسے آلودگی پھیلانے والے ایندھن پر پکوان کرتے ہیں۔ جوالہ گٹا نے خود پہلے اپنی سبسڈی واپس کی اور پھر انہوں نے عوام سے جذباتی اپیل کی کہ وہ ایل پی جی سبسڈی واپس کریں تاکہ خط غربت سے نچلی زندگی گذارنے والوں کو اس سے فائدہ ہوسکے ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ جوالہ کی اپیل پر وہاں موجود کچھ افراد نے سبسڈی واپس کرنے کا اعلان کیا ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جوالہ گٹا نے وہاں موجود افراد سے خطاب کیا اور ایل پی جی سبسڈی کو واپس کرنے آگے آنے کی ان سے خواہش بھی کی ۔