نئی دہلی۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کو توقع ہے کہ پکوان گیاس کے تقریباً ایک کروڑ اہل استطاعت صارفین سبسڈی سے دستبرداری ہوجائیں گے کیونکہ وزیراعظم نریندر مودی نے اپیل کی تھی کہ معاشی طور پر مستحکم ایسے صارفین کو مارکٹ قیمت پر ایل پی جی سلنڈر حاصل کرنے کی استطاعت رکھتے ہیں، پکوان گیاس پر دی جانے والی سبسڈی حاصل نہ کریں۔ ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے کہا کہ ’’فی الحال ہمارا نشانہ ایک کروڑ ہے۔ دیکھئے کتنے لوگ ایل پی جی سبسڈی سے دستبرداری اختیار کرتے ہیں‘‘۔ ملک میں ایل پی جی کے 15.3 کروڑ صارفین ہیں۔ وزیراعظم مودی نے گزشتہ ہفتہ عالمی توانائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار صارفین نے ایل پی جی سبسڈی سے دستبرداری اختیار کی جس سے 100 کروڑ روپئے کی بچت ہوئی ہے۔