نئی دہلی ۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے ایل پی جی، کیروسین کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ ملتوی رکھا ہے جبکہ کئی ریاستوں بشمول کرناٹک، مدھیہ پردیش اور کیرالا میں مقامی ٹیکسیس کی وجہ سے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ مختلف محاصل جیسے انٹری ٹیکس اور آکٹرائے کی وجہ سے گھریلو پکوان گیس سلنڈر کی قیمت میں کیرالا میں فی سلنڈر 4.50 روپئے، کرناٹک میں 3 روپئے، مدھیہ پردیش میں 5.50 روپئے اور اترپردیش میں ایک روپیہ کا اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح ہریانہ اور اترپردیش میں کیروسین کی شرح میں فی لیٹر 2 پیسے اور 8 پیسے کا بالترتیب اضافہ ہوا ہے۔ دوسری طرف ریاستی محاصل میں کمی کی وجہ سے بعض ریاستوں میں سلنڈر کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ وزارت تیل نے آج حکم دیا ہیکہ ایل پی جی اور کیروسین کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ ملتوی رکھا جائے اور ریاستی حکومتوں سے مشاورت کے بعد ہی قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ مرکزی حکومت کی اکسائز ڈیوٹی اور ریاستی حکومتوں کے سیلس ٹیکس یا ویاٹ کے علاوہ دیگر کئی محاصل بھی مختلف ریاستوں میں عائد کئے جاتے ہیں۔