نئی دہلی 7جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ڈیزل کی قیمت کو جاریہ مالیتی سال کسی بھی وقت سرکاری کنٹرول سے آزاد کئے جانے کا امکان ہے لیکن ایل پی جی اور کیروسین پر بھاری سبسیڈی ایک بڑا چیلنج رہے گی۔ اکرا ریسرچ نے ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی زیر قیادت حکومت ڈیزل کی قیمت میں ہر ماہ پچاس پیسے اضافہ کے پیشرو حکومت کے فیصلے کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس طرح جاریہ مالی سال اس کی قیمت بین الاقوامی سطح کے مساوی ہوجائے گی ۔ سبسیڈی پر دیئے جانے والے سیلنڈرس کی تعداد کو 9 سے بڑھا کر 12 اور کیروسین پر سبسیڈی برقرار رکھنے کے فیصلے سے حکومت پر غیر معمولی بوجھ ہوگا ۔ اس ادارہ نے ایل پی جی سیلنڈرس اور کیروسین پر دی جانے والی سبسیڈی کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کیلئے اس صورتحال سے نمٹنا ایک اہم چیلنج ہوگا ۔