حیدرآباد /7 ستمبر ( سیاست نیوز ) صدر پردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی نے دوپہر میں تلگودیشم سے اتحاد کی پیشکش کی ۔ شام میں تلنگانہ تلگودیشم کے صدر ایل رمنا نے اُتم کمار ریڈی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی جس کے بعد سیاسی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں گشت کر رہی ہیں کہ کانگریس او رتلگودیشم کے درمیان اتحاد کیلئے بات چیت کا آغاز ہوگیا جب اس سلسلے میں کانگریس قائدین نے ایل رمنا کا اُتم کمار ریڈی کو فون موصول ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ پیر کو کل جماعتی وفد گورنر سے ملاقات کرکے کے سی آر کو نگرانکار چیف منسٹر کے عہدے سے ہٹانے نمائندگی کر رہا ہے ۔ ایل رمنا نے گورنر سے ملاقات کیلئے وقت بھی طلب کیا ہے اور اس وفد میں شمولیت کی اُتم کمار سے خواہش کی ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ ٹیلیفون بات چیت کے دوران ٹی آر ایس کو شکست دینے اُتم کمار ریڈی نے عظیم اتحاد تشکیل دینے اور اس میں تلگودیشم کو شامل ہونے کی خواہش کی ہے ۔ ایل رمنا نے بتایا کہ سربراہ تلگودیشم اور چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو 8 ستمبر کو تلنگانہ تلگودیشم قائدین سے ملاقات کرکے انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ وہ کانگریس کی پیشکش سے چندرا بابو نائیڈو کو واقف کرائیں گے ۔ جو بھی فیصلہ ہوگا پارٹی کے اجلاس میں متفقہ رائے سے کیا جائے گا ۔ تلگودیشم پارٹی بھی ٹی آر ایس کو اقتدار سے دور رکھنے کے حق میں ہے ۔