ایل بی نگر میں میٹرو ریل خدمات کا عنقریب آغاز

حفاظتی انتظامات کا جائزہ ، دیگر امور کی تکمیل آخری مرحلہ میں
حیدرآباد /17 ستمبر ( سیاست نیوز ) ایل بی نگر میٹرو ریل کا ایک ہفتہ کے اندر آغاز ہونے والا ہے ۔ عہدیداروں نے حفاظتی انتظامات سے متعلق جائزہ لینے کے بعد آغاز کیلئے بہت جلد تاریخ کا اعلان کریں گے۔ میاں پور ، ناگول کے درمیان میٹرو کے آغاز کیلئے سال گذشتہ جنگی خطوط پر اقدامات کئے گئے تھے مگر امیرپیٹ اور ایل بی نگر کے درمیان میٹرو ریل کے آغاز سے متعلق ویسی سرگرمیاں نہیں دکھائی گئیں ۔ تاہم عہدیداروں نے جلد بازی میں آغاز کرنے کے بجائے حفاظتی اقدامات و انتظامات سے متعلق ساڑھے تین ماہ تک ہر زاویہ سے کئی مرتبہ جائزہ لیا ۔ فی الحال کاریڈار (1) ( میاں پور ، ایل بی نگر ) میں 29 کیلومیٹر طویل تمام کاموں کی تکمیل کی گئی ہے اور ساتھ ہی عہدیداران نے عالمی میٹرو ریل میں انتہائی عصری ٹکنالوجی تصور کئے جانے والے کمیونیکیشن بیسڈ ٹرین کنٹرول ( سی بی ٹی سی ) کی جانچ بھی مکمل کی ہے ۔ حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کو سگنلنگ سسٹم کنیڈا کی دھالس کمپنی اور یو کے کی میٹرو ریل سیفٹی کمپنی ہال کرو نے حفاظتی اقدامات سے متعلق بڑی باریک بینی سے جائزہ لیا ہے اور ان کمپنیز کی رپورٹ کے مطابق کمشنر آف میٹرو ریل سیفٹی ( سی ایم آر ایس ) کے ماہرین کی کمیٹی نے دوبارہ حفاظتی امور سے متعلق جائزہ لیا ہے ۔ ایک میٹرو ریل پراجکٹ آفیسر نے بتایا کہ سی بی ٹی سی سے متعلق ہر زاویہ سے حفاظتی امور کا جائزہ لینے کے بعد اطمینان بخش ہونے سے متعلق سی ایم آر ایس کی ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے ۔ مسافرین اور عہدیداران کا خیال ہے کہ شدید ٹریفک والے علاقے میاں پور ، ایل بی نگر میٹرو ریل کے آغاز سے عوام کثیر تعداد میں میٹرو ریل کے سفر کو ترجیح دیں گے ۔ امیر پیٹ ، ایل بی نگر میٹرو کے آغاز کے بعد امیر پیٹ ہائی ٹیک سٹی میٹرو کا آغاز ماہ نومبر کے اواخر تک کرنے کیلئے عہدیداروں نے منصوبہ تیار کیا ہے ۔