ایل او سی پر پاکستانی فائرنگ سے دو شہری زخمی

جموں،27ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاکستانی فوج کی سرحدی دیہات اور بھارتی فوج کی اگلی چوکیوں پر گولہ باری کے نتیجے میں ایک خاتون کے بشمول دو افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔ پولیس ذرائع نے بتایا ‘پونچھ کے بالاکوٹ سیکٹر میں بدھ کی صبح نو بجکر 20 منٹ پر پاکستانی فوج کی جانب سے سرحدی دیہات اور فوجی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 55 سالہ شمیم بیگم زوجہ محمد مجید ساکنہ ٹاکھ ڈاراتی زخمی ہوگئی’۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے راجوری اور پونچھ اضلاع میں لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ دفاعی ترجمان نے بتایا ‘پاکستانی فوج کی جانب سے بدھ کی صبح آٹھ بجکر 15 منٹ پر ضلع پونچھ اور راجوری کے بی جے پی سیکٹر میں بلااشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوجی سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا گولہ باری کا تبادلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے ۔ اس دوران جموں وکشمیر پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ‘پونچھ ضلع کے بالاکوٹ اور کرنی سیکٹروں میں پاکستان کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ مزید تفصیلات اکھٹا کی جارہی ہیں۔ جموں وکشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے کشیدگی کا ماحول بنا ہوا ہے ۔