نئی دہلی،24جون(سیاست ڈاٹ کام)کیمیکل اور کھاد کے وزیر اننت کمار نے آج کہا کہ دوا (فارما)شعبہ میں سو فیصد براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فیصلے سے اس میدان کی سالانہ ترقی 20فیصد کی شرح سے ہو سکے گی۔مسٹر کمار نے یہاں” سیمینار 2016”کا افتتاح کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ دواؤں کے شعبہ کی ترقی کی شرح ابھی 14فیصد ہے لیکن حکومت نے اس میدان میں آٹومیٹک روٹ سے سو فیصد براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے ،جس سے اس میدان میں 20فیصد کی شرح سے ترقی ہوسکے گی۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان سے 205ملکوں کو دوائیں برآمدات کی جاتی ہیں اور دنیا میں جن پانچ دواؤں کا استعمال ہوتا ہے ،ان میں سے دو ہندوستان میں بنی ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی نئی پالیسی سے ملک کا فارما ہب ابھرے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کیمیکل اور پیٹروکیمیکل صنعت کو بنیادی اور دیگر قسم کی سہولتیں مہیا کرارہی ہے تاکہ یہاں جو ذخیرہ تیار ہو وہ سستا ہو اور دنیا میں کم از کم شرح پر دستیاب ہوں۔