حیدرآباد ۔ 12 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : سی پی آئی ( ایم ) پولیٹ بیورو کی جانب سے ملک میں بیرونی راست سرمایہ کاری ( ایف ڈی آئی ) کے لیے قواعد میں آسانی پیدا کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کے اعلان کی سخت مذمت کی گئی ۔ آج یہاں ایک بیان میں پارٹی نے کہا کہ 15 ایریاس بشمول سنگل برانڈ ریٹیل ، کنسٹرکشن ، میڈیا ، ایر لائنس ، دفاع ، بنکنگ اور پلانٹیشن اور دیگر کو آٹو میٹک روٹ کے تحت کھول دیا جائے گا ۔ 32 نئے انوسٹمنٹ پوائنٹس اب ایف ڈی آئی کی اجازت دیں گے ۔ بیرونی سرمایہ کاری کی منظوری کے لیے کیاپ کو 3000 کروڑ سے بڑھا کر 5000 کروڑ روپئے کیا گیا ہے ۔ خاص طور پر نیوز چیانلس اور ریڈیو کے لیے ایف ڈی آئی میں 49 فیصد تک اضافہ نقصان دہ ہے ۔ اس سے فارن میڈیا کے افراد کی جانب سے نیوز میڈیا پر تقریبا مکمل کنٹرول کی راہ ہموار ہوگی ۔ یہ تمام فیصلے پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن کے موقع پر کئے گئے اور اس کے لیے کابینہ کی منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی ۔ یہ ہماری پارلیمانی جمہوریت کے بالکل مغائر ہے ۔ سی پی ایم پولیٹ بیورو نے وزیر اعظم کے اس طرح کے یکطرفہ فیصلوں کی مذمت کی ہے ۔۔