ایف سی آئی کو بنگلہ دیشی بندرگاہ استعمال کرنے کی اجازت5000 ٹن اناج کی تریپورہ منتقلی

اگرتلہ ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شاید ایسا پہلی بار ہورہا ہے جہاں فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کی کوئی کھیپ بنگلہ دیش کے آشو گنج بندرگاہ کے ذریعہ تریپورہ میں داخل ہوئی۔ چیف سکریٹری ایس کے پانڈہ نے کہا کہ 5000 ٹن اناج جسے فوڈ کارپوریشن آف انڈیا نے آندھراپردیش کے کاکناڈا بندرگاہ سے روانہ کیا تھا، بنگلہ دیش کے آشو گنج بندرگاہ پنہچ چکا ہے جو وہاں سے تریپورہ روانہ کیا جائے گا۔ مسٹر پانڈہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایف سی آئی عہدیداروں نے توثیق کی ہیکہ اناج کا ذخیرہ آشو گنج بندرگاہ پہنچ چکا ہے۔ اناج کے ذخیرہ کو اتارنے کا اور تریپورہ کیلئے بذریعہ ٹرکس روانہ کرنے کا کام عیدالفطر کے بعد شروع کیا جائے گا۔ قبل ازیں اناج کے ذخیرہ کو کولکتہ بھیجا جاتا تھا اور وہاں سے بنگلہ دیشی آبی راستوں کے ذریعہ آشو گنج بندرگاہ لایا جاتا تھا جو یہاں سے صرف 37 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ دریں اثناء تریپورہ کے وزیر ٹرانسپورٹ مانک ڈے نے بنگلہ دیش کو مبارکباد دی اور کہا کہ آبی راستے استعمال کرنے کی اجازت دینا ایک دوستانہ علامت ہے جس کی وجہ سے ہم 1650 کیلو میٹر کا طویل فاصلہ طئے کرنے سے بچ گئے اور صرف 350 کیلو میٹر کا فاصلہ طئے کرتے ہوئے کام مکمل کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا پہلی بار ہوگا کہ بنگلہ دیشی ٹرکس آش گنج سے اناج کے ذخیرہ کو راست طور پر نندن نگر واقع اناج کے گوداموں کو لے جائیں گے جس کی وجہ سے اکھورا ہند۔ بنگلہ دیش سرحد سے دوسری کھیپ کا جھنجھٹ ختم ہوگیا۔ بنگلہ دیشی ٹرکس کو ہندوستان کی سرحد میں آنے کی اجازت دینے کا بھی شکریہ۔ وزارت خارجہ نے کلیئنرس دیتے ہوئے اکھورا چیک پوسٹ پر خصوصی ٹرک اسکانرس بھی نصب کئے تھے۔