نیویارک۔22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائیٹس واچ نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ’’ایف بی آئی‘‘ کے بعض اقدامات کی وجہ سے 11 ستمبر 2001ء کے واقعات کے بعد امریکی مسلمان دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے مالی معاونت پر مجبور ہوئے ہیں۔انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے امریکی مسلمانوں کو دہشت گردی کی طرف مائل کرنے میں ’’ایف بی آئی‘‘ کے کردار کی کئی مثالیں پیش کی ہیں۔ ہیومن رائٹیس واچ نے کولمبیا یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ برائے انسانی حقوق کے تعاون سے ایک رپورٹ مرتب کی ہے جس میں ایسے 27 واقعات کو بہ طور مثال پیش کیا گیا ہے۔ ان واقعات میں الزام عائد کیا گیا کہ ایف بی آئی نے دہشت گردی کے شبہ میں سزاپانے والے امریکیوں کے 215 افراد وکلا ودیگر معاونین کوحراست میں لے کر ان سے تفتیش کی تھی۔