ایف آئی آر درج کرنے میں پولیس کی لاپرواہی فائرنگ میں زخمی شخص کی موت

سیتاپور 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) فائرنگ کے واقعہ میں پولیس کی شکایت درج کرنے میں غیر معمولی تاخیر سے ایک 40 سالہ شخص کی جان چلی گئی جس پر حکام نے آج 3 پولیس ملازمین بشمول ایک سب انسپکٹر کو معطل کردیا۔ اس خصوص میں سیتاپور کے ایس پی مسٹر بی پی سنگھ نے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ متوفی شخص کی دختر نے یہ شکایت کی ہے کہ ان کے والد سجن کل شب کسی تنازعہ پر ایک شخص پرمود کی فائرنگ میں زخمی ہوگئے تھے انھیں فی الفور مقامی کمیونٹی ہیلت سنٹر سے رجوع کیا گیا لیکن انھیں ایف آئی آر درج کروانے کیلئے پولیس اسٹیشن بھیج دیا گیا کیوں کہ یہ ایک پولیس کیس تھا جہاں پر پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے اور دیگر ضابطوں کی تکمیل کے لئے گھنٹوں انتظار کروایا جس کے باعث سجن کی حالت بگڑ گئی۔ بروقت طبی امداد نہ ملنے پر فوت ہوگئے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ متوفی کی دختر کی شکایت پر ایک سب انسپکٹر جگناتھ شرما اور کانسٹبل جتندر اور ویمل کو معطل کردیا گیا۔ بعدازاں ایک کیس درج کرکے اصل ملزم کو گرفتار کرلیا گیا اور سرکل آفیسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ سوگوار خاندان کے الزامات کی تحقیقات کریں۔