ایفلو کے معطل طلبہ کو فوری بحال کرنے کا مطالبہ

گورنر سے نمائندگی کا فیصلہ ، اسٹوڈنٹس فورم فار جسٹس کی کانفرنس سے کودنڈا رام و دیگر کا خطاب

حیدرآباد۔23مئی(سیاست نیوز) ایفلو انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کاشکار دلت طبقہ کے تین طلبہ کی معطلی کے احکامات سے دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے اسٹوڈنٹس فورم فار جسٹس کی گول میز کانفرنس ایس وی کیندرم ‘ باغ لنگم پلی میں منعقد ہوئی۔ ٹی جے اے سی چیرمین پروفیسر کودنڈارام کے علاوہ پروفیسر ویشویشور رائو‘ مسٹر دیوی پرساد‘ مسٹر ایم ویدا کمار‘ ملے پلی لکشمیا‘ شریمتی سندھیا‘ دیویندرا کے علاوہ مسٹر رویندر ریڈی ‘ جناب منیر الدین مجاہد صدر تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد اور دیگر سماجی جہدکاروں نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر کودنڈارام نے وائس چانسلرسنینا سنگھ کے اقدام کو قابلِ مذمت قراردیتے ہوئے کہاکہ جن تین طلبہ کو معمولی غلطی پر معطل کیا گیا ہے ان کا تعلق پسماندہ طبقے سے ہے اور مذکورہ بے قصور طلبہ کی معطلی متعلقہ سماج کی ترقی میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ پروفیسر کودنڈارام نے کہاکہ یقینا یونیورسٹی میںڈسپلن شکنی کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جانے چاہئے مگر طلبہ کی زندگی سے کھلواڑ اور تعلیمی سال کو متاثر کرنے کا حق کسی کو بھی نہیں ہے ۔ انہو ںنے کہاکہ معطل شدہ طلبہ سے بات چیت کے بغیر لیاگیا فیصلہ کس طرح صحیح ہوسکتا ہے۔ پروفیسر کودنڈارام نے کہاکہ اندرا پارک دھرنا چوک پر بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کیا جانا چاہئے اس کے علاوہ گورنر سے نمائندگی کے ذریعہ بھی اس مسئلہ کے حل کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے اسٹوڈنٹ فورم فار جسٹس کی جانب سے اٹھائے جانے والے کسی بھی اقدام کی بھرپورستائش کا بھی اس موقع پر اعلان کیا۔