ایغور مسلمانوں کو پاکستان سے نکالا جاچکا ہے: ممنون حسین

بیجنگ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج اپنے ’’ہر موسم کے دوست‘‘ چین کو یہ تیقن دیا ہے کہ پاکستانی افواج نے اپنے خصوصی آپریشن کے ذریعہ اُن تمام ایغور مسلمانوں کو نکال باہر کیا ہے جنھوں نے چین کے مسلم اکثریتی زنجیانگ سے پاکستان میں دراندازی کی تھی۔ گریٹ ہال آف دی پیوپل میں صدر پاکستان ممنون حسین نے اپنے چینی ہم منصب ژی جنگ پنگ کو بتایا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ایک کامیاب فوجی آپریشن کیا گیا جس کے ذریعہ ای ٹی آئی ایم (ایسٹ ترکستان اسلامک موؤمنٹ) سے وابستہ تمام عناصر کو پاکستان سے نکال باہر کیا گیا ہے۔ دوسری جنگ عظیم کے خاتمہ کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ بات کہی۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ایغور مسلمان اگر ہوں گے بھی تو ان کی تعداد بیحد قلیل ہوگی۔ یاد رہے کہ ژنجیانگ میں کئے گئے حملوں کے لئے چین ایغور مسلمانوں کو ہی مورد الزام ٹھہراتا ہے۔ چین نے قبل ازیں پاکستان سے بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ ایغور مسلمان پاکستان میں دراندازی کرچکے ہیں جو پاکستان مقبوضہ کشمیر کی سرحد سے قریب ہے اور اس طرح وہاں جاکر ایغور مسلمان مختلف تربیتی کیمپوں میں شامل ہورہے ہیں۔