واشنگٹن 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے جمعہ کو ایغور مسلمانوں کے ساتھ چینی حکام کے ناروا رویہ پر غیر متوقع نہایت ہی سخت الفاظ اور طاقتور لب و لہجہ میں شدید تنقید کی۔ یاد رہے کہ امریکہ اور چین کے تعلقات میں انتہائی سرد مہری دیکھی جارہی ہے جس کی وجہ سے تعلقات میں متواتر خرابی پیدا ہوئی ہے۔ سکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پامپیو نے اقوام متحدہ کی رپورٹ پر تحفظات ذہنی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایغور کے مسلمانوں پر بنیاد پرستی کے الزامات کے تحت ظلم و ستم کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایغور مسلمان، مغربی ژنجیانگ علاقہ میں سکونت پذیر ہیں جہاں یہ نہایت ہی اقلیت میں شمار کئے جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ پامپیو کا یہ شدید ردعمل ہزاروں لاکھوں مسلمانوں کو گرفتار کرنے پر آیا ہے جنھیں خود ساختہ ری ایجوکیشن کیمپس سے گرفتار کیا گیا تھا جہاں پر انھیں زبردستی سیاسی اور دیگر سازشوں کو اپنانے کی تعلیم دی جارہی تھی۔ پامپیو نے عالمی مذہبی آزادی پر خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔