میرپور ، 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان محمد عامر کے تباہ کن بولنگ اسپل کی وجہ سے تین ابتدائی جھٹکوں سے سنبھل کر کٹر حریف پاکستان کے خلاف ایشیا کپ T20 ٹورنمنٹ میں آج یہاں پانچ وکٹ کی فتح درج کرانے میں کامیاب ہوا۔ عامر (3/18) نے چار اوور کے فاسٹ اور کاٹ دار اسپل کے ذریعے ہندوستانی ٹاپ آرڈر کو دہلا ڈالا لیکن 84 کا معمولی ٹارگٹ ٹیم انڈیا کو روکنے کیلئے کافی نہ ہوا، جنھوں نے 27 گیندیں باقی رکھتے ہوئے ہدف عبور کرلیا۔ انڈین بولروں نے قبل ازیں شاندار مظاہرے کے ذریعے پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کیا جیسا کہ انھوں نے پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کرنے کے بعد شاہد آفریدی کی ٹیم کو 17.3 اوورز میں 83 پر آل آؤٹ کردیا۔ تاہم ’مین آف دی میچ‘ ویراٹ کوہلی (49 رنز) کی تحمل اور سوجھ بوجھ سے مزین اننگز درکار ہوئی کہ انڈیا کامیاب ہوا۔ یوراج سنگھ اور کپتان ایم ایس دھونی ناٹ آؤٹ رہے۔ پورے میچ میں کوئی چھکا نہیں مارا گیا، جو T20 فارمٹ کی تاریخ کے کسی مکمل میچ میں 5 ویں مرتبہ ہوا ہے۔ انڈیا نے ٹورنمنٹ میں قبل ازیں بنگلہ دیش کو ہرایا تھا۔