ایشیاکے 10ممالک میں صنفی مساوات میں نمایاں بہتری

نیویارک۔ 8 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ اکنامک فورم کے گلوبل جینڈر گیپ انڈیکس (جی جی جی آئی)کی حالیہ رپورٹ میں ایشیا کے 10ایسے ممالک کو نمایاں کیا گیا ہے جہاں صنفی مساوات میں بہت زیادہ بہتری آئی ہے ۔دنیا بھر میں اب صنفی عدم مساوات کا مسئلہ کم ہوتا جا رہا ہے تاہم اب بھی اس معاملہ میں بہت کچھ کئے جانے کی ضرورت ہے تاکہ مرد اور عورت میں عدم مساوات کا خاتمہ کیا جا سکے ۔رپورٹ کے مطابق جن 10ایشیائی ممالک میں صنفی مساوات میں بہت زیادہ بہتری آئی ہے ، ان میں فلپائن سرفہرست ہے جبکہ بنگلہ دیش، منگولیا، لاو پی ڈی آر، سنگاپور، ویتنام، تھائی لینڈ، میانمار، انڈونیشیا اور کمبوڈیا بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔رپورٹ میں ان ممالک میں معیشت، تعلیم، صحت اور سیاست کے میدانوں میں عورتوں اور مردوں کو حاصل مواقع کا تجزیہ کیا گیا اور بتایا کہ ان میدانوں میں شاندار ترقی ہوئی ہے ۔