بیجنگ۔12 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) آج چہارشنبہ کو ایشیائی بازارِ حصص میں شدید مندی کا رجحان غالب ہے۔ ہانگ کانگ، سڈنی، ویلنگٹن، تائپی، سنگاپور اور سیئول کی اسٹاک مارکیٹوں میں اس مندی کی وجہ امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی تنازعے میں پیدا ہونے والی نئی صورت حال ہے۔ بیجنگ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ چینی ساحلوں پر امریکی سامان کے ذخیرہ کرنے پر پابندی بھی عائد کر سکتا ہے۔ چین کے علاوہ امریکہ کی کینیڈا کے ساتھ تجارتی کشیدگی بھی مالی منڈیوں میں مندی کے رجحان کا سبب ہے۔ دوسری جانب امریکہ اور کینیڈا کے درمیان نیفٹا ڈیل طے ہونے کا امکان بھی پیدا ہو گیا ہے۔
امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کیلئے تیار ہیں: طالبان
کابل ۔12 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) طالبان نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے ایک اور مرحلے کیلئے رضامندی کا عندیہ دیا ہے۔ طالبان حکام نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر اس بارے میں نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا ہے۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ دوسرے مذاکراتی دور میں قیدیوں کے تبادلے یا رہائی کے ساتھ ساتھ باضابطہ مذاکرات شروع کرنے پر بھی توجہ مرکوز کی جا سکتی ہے۔ قبل ازیں رواں برس جولائی میں افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا ایک دور قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہو چکا ہے۔