ایس کے افضل الدین کو کانگریس کی اہم ذمہ داری دینے کا تیقن

نئے اقلیتی صدر فخر الدین کے خلاف احتجاج ، صدر پی سی سی اتم کمار کی خواہش پر ترک
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کے تیقن پر مسٹر ایس کے افضل الدین کے حامیوں نے اپنے احتجاجی دھرنا پروگرام کو ترک کردیا ۔ مسٹر محمد خواجہ فخر الدین کو تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا صدر نامزد کرتے ہی ترجمان تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ایس کے افضل الدین کے حامی ناراض ہوگئے ۔ آج گاندھی بھون میں احتجاجی دھرنا پروگرام منظم کرنے کے لیے پہونچ گئے تھے ۔ تاہم صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے مسٹر ایس کے افضل الدین اور ان کے حامیوں کو طلب کر کے تبادلہ خیال کیا اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں ایس کے افضل الدین کو اہم ذمہ داری سونپنے کا تیقن دیا اور کہا کہ افضل الدین کانگریس کے سینئیر قائد ہیں ۔ ان سے پارٹی ضرور انصاف کرے گی ۔ افضل الدین کے حامی جن میں خواتین کی بھی شامل تھیں کہا کہ مسٹر محمد فخر الدین غیر معروف شخصیت ہیں ۔ پارٹی میں برسوں سے خدمات انجام دینے والوں سے نا انصافی ہورہی ہے ۔ نئے چہروں کو سینئرس پر مسلط کیا جارہا ہے ۔ آئندہ بھی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات ہیں کانگریس پارٹی سفارشات پر ٹکٹ نہ دے بلکہ مقامی قائدین سے صلاح و مشورہ کرنے کے بعد ہی قطعی فیصلہ کرے ۔ واضح رہے کہ مسٹر ایس کے افضل الدین نے ایک ماہ تک دہلی میں قیام کر کے تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی صدارت کے لیے کوشش کی تھی ۔ انہیں صدارت نہ ملنے پر ان کے حامی ناراض ہوگئے ۔ مسٹر ایس کے افضل الدین کے علاوہ دوسرے دعویدار بھی ناراض ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں ۔۔