ایس پی کی ایم ایل سی سروجنی بی جے پی میں شامل

لکھنؤ ۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کو آج ایک دھکہ دیتے ہوئے اس کی رکن قانون ساز کونسل سروجنی اگروال آج اپنی پارٹی اور ایوان کی رکنیت سے مستعفی دیکر حکمراں بی جے پی میں شام ہوگئیں۔ صدرنشین رمیش یادو کے دفتر کے مطابق اگروال نے اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ سروجنی اگروال نے جن کی میعاد 2021 میں ختم شدنی تھی، استعفیٰ دینے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’نیتاجی (ملائم سنگھ یادو) کی بدولت میں دو مرتبہ پارٹی کی رکن قانون ساز کونسل رہی ہوں۔ اب چونکہ وہ اس پارٹی میں سرگرم نہیں ہیں۔ میں استعفیٰ دے رہی ہوں۔

رابڑی دیوی کو کونسل میں اپوزیشن لیڈر بنانے کی درخواست مسترد
پٹنہ ۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بہار قانون ساز کونسل نے رابڑی دیوی کو مقننہ کے ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر کیلئے آر جے ڈی کی طرف سے کی گئی درخواست کو مسترد کردیا ہے اور کہا کہ اس عہدہ کیلئے ان کی پارٹی کیلئے 9 ارکان کی تعداد درکار ہے جبکہ ایوان میں اس کے صرف 7 ارکان ہیں۔ بہار قانون ساز کونسل کے نائب صدرنشین ہارون رشید نے کہا کہ ’’ارکان کی درکار تعداد نہ ہونے کے سبب درخواست قابل غور نہیں ہوسکتی‘‘۔
ہارون رشید نے کہا کہ ’’قواعد کی نشاندہی کے ساتھ ایک مکتوب بہار آر جے ڈی کے صدر رامچندرا پوربے کو روانہ کردیا گیا ہے جنہوں (پوربے) نے رابڑی دیوی کو اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے مقرر کرنے کی درخواست کی تھی‘‘۔