ایس پی مرکز میں تشکیل حکومت کیلئے اہم رول ادا کرنے تیار

لکھنو ، یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات کے بعد تیسرے محاذ کی تشکیل کا اشارہ دیتے ہوئے سماجوادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ ان کی پارٹی دہلی میں حکومت کے قیام میں اہم رول ادا کرے گی۔ ہم نے اترپردیش میں کامیابی حاصل کی ہے، اب دہلی میں فتح حاصل کرنے کا وقت ہے۔ مرکز میں تشکیل حکومت کے عمل میں سماجوادی پارٹی (ایس پی) بہت بڑا رول ادا کرے گی۔ ہم نے ایک مرتبہ دہلی پر حکومت کی تھی لیکن یہ حکومت زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکی کیونکہ مختلف پارٹیوں کے قائدین مل جل کر کام نہیں کرسکے۔ اب کی مرتبہ ہم کو یقینی بنانا ہوگا کہ حکومت اپنی میعاد پوری کرے۔

ملائم سنگھ نے اترپردیش میں پارٹی کی سیکل یاترا کو جھنڈی دکھانے کے بعد تقریر کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ مرکز میں اقتدار کے حصول کی سمت کام کرنے کے دوران صبروتحمل کا مظاہرہ کریں۔ اس سیکل یاترا کے دوران کوئی آپ کو اکسانے کی سازش کرتے ہوئے مشتعل کرسکتا ہے لیکن آپ صرف مسکراہٹ کے ساتھ اسے برداشت کریں اور آگے بڑھیں۔ گزشتہ مرتبہ آپ نے ریاست میں سیکل یاترا کے ذریعہ حکومت حاصل کی تھی، اس مرتبہ بھی مجھے یقین ہے کہ مرکز میں حکومت بنانے کے معاملے میں آپ اہم رول ادا کریں گے۔ جب ہم ڈسپلن کے ساتھ سیکل ریالی نکالتے ہیں تو اس کی ہر کوئی ستائش کرتا ہے۔ اس مرتبہ بھی اگر ہم اچھے اور مناسب کام کریں تو لکھنو کے عوام پارٹی کے حق میں آگے آئیں گے

اور ان کی تائید کے ساتھ ودھان سبھا انتخابات کی طرح لوک سبھا انتخابات بھی جیت جائیں گے۔ چیف منسٹر گجرات نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے سماجوادی سربراہ نے کہا کہ یو پی حکومت نے جو اسکیمات اور پروگرام بنائے ہیں ان پر عمل کیا ہے اور عوام اس سے استفادہ کر رہے ہیں۔ ان کی حکومت کا بجٹ گجرات کے بجٹ سے زیادہ ہے۔ اس موقع پر چیف منسٹر اکھلیش یادو نے کہا کہ ان کی حکومت نے اب تک کئی کارنامے انجام دیئے ہیں۔