ایس پی سنگھ چیف سکریٹری تلنگانہ ریاست مقرر

نئے عہدہ کا حصول جائزہ، ریاست کی ترقی کیلئے اہم رول ادا کرنے کا عزم
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے نئے ریاستی چیف سکریٹری کی حیثیت سے سینئر آئی اے ایس عہدیدار مسٹر ایس پی سنگھ نے آج جائزہ حاصل کرلیا۔ موجودہ چیف سکریٹری مسٹر پردیپ چندرا نے یکم ڈسمبر کو چیف سکریٹری کے عہدے پر فائز ہوکر 31 ڈسمبر کو ہی وہ وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہونے والے تھے لیکن حکومت نے ان کی میعاد میں چند ماہ توسیع کرنے کا فیصلہ کرکے مرکزی حکومت سے نمائندگی کی تھی لیکن حکومت نے مسٹر پردیپ چندرا کی میعاد میں توسیع سے متعلق کوئی احکامات رات دیر گئے تک حکومت کو موصول نہیں ہوئے اور اس تعلق سے ہر ایک میں تجسس تھا تاہم حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اسپیشل چیف سکریٹری عہدے پر فائز مسٹر ایس پی سنگھ کو چیف سکریٹری تقرر کرنے کے احکامات جاری کئے۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ احکامات کی اجرائی کے فوری بعد مسٹر ایس پی سنگھ نے اپنی نئی ذمہ داری کا جائزہ حاصل کیا۔ اس موقع پر ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر انوراگ شرما، سٹی پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر مہندر ریڈی و دیگر اعلیٰ عہدیداروں بشمول آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیدار شریک تھے۔ مسٹر ایس پی سنگھ نے بحیثیت چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ جائزہ حاصل کرنے کے فوری بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے مؤثر اقدامات کریں گے اور کہاکہ چیف منسٹر نے ان پر جس امید و بھروسہ کا اظہار کیا ہے ان تمام کو پورا کرتے ہوئے ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں گے۔ انھوں نے مزید کہاکہ چندرشیکھر راؤ جس طریقہ کار کے ذریعہ ریاست کو ترقی دینے کے لئے کوشاں ہیں، ان کوششوں میں وہ برابر اپنا اہم رول ادا کریں گے۔ علاوہ ازیں ریاست میں تمام تر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ غریب عوام کی مناسب و بہتر انداز میں خدمات انجام دینے پر خصوصی توجہ دیں گے۔ مسٹر ایس پی سنگھ نے مزید کہاکہ سرکاری مشنری مکمل طور پر آپسی تال میل کے ذریعہ ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے اقدامات کرے گی۔ ریاستی سکریٹریٹ میں اپنی نئی ذمہ داری کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد وہاں موجود سیول و پولیس کے ساتھ ساتھ سکریٹریٹ کے عہدیداروں نے مسٹر ایس پی سنگھ چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک توقعات کا اظہار کیا۔