ضرورت پڑنے پر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ وزیراعظم سے نمائندگی کا عزم ، صدر نشین تلنگانہ جے اے سی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : صدر نشین تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈا رام نے ایس سی طبقہ کی زمرہ بندی کی بھر پور تائید کرتے ہوئے ضرورت پڑنے پر اپوزیشن جماعتوں کے وفد کے ساتھ دہلی پہونچکر وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے پر زور دیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا صدر تلنگانہ بی جے پی ڈاکٹر لکشمن اور انقلابی شاعر غدر نے ایس سی زمرہ بندی کی مکمل تائید و حمایت کی ۔ صدر ایم آر پی ایس ایم کرشنا مادیگا کی صدارت میں پریس کلب سوماجی گوڑہ میں ایک کل جماعتی اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف پہلوؤں پر غور و خوص کیا گیا ۔ پروفیسر کودنڈا رام نے ایس سی طبقہ کی زمرہ بندی کی تحریک کو مادیگا طبقہ کی حقوق کی لڑائی قرار دیا ۔ عوامی حقوق کو سلب کرنے کے لیے سیکشن 506-507 کی تبدیلی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف بھی تمام جماعتوں کو متحدہ طور پر جدوجہد کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی کے ذریعہ ایس سی زمرہ بندی کے لیے کل جماعتی وفد کو دہلی لیجانے کا اعلان کیا تھا لیکن اس پر کوئی عمل آوری نہیں کی ۔ انہوں نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو وفد کی شکل میں دہلی پہونچکر وزیراعظم سے ملاقات کرنے کی تیاری کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے تلنگانہ بی جے پی کے صدر ڈاکٹر لکشمن پر زور دیا کہ وہ پہل کریں ۔ انقلابی شاعر غدر نے ریاست کی نمائندگی کرنے والے تمام ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ ایس سی زمرہ بندی کے لیے پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن میں احتجاج کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر دباؤ بنائے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی ایس سی زمرہ بندی کے حق میں ہے ۔ ضلع رنگاریڈی کلکٹریٹ پر احتجاج کرتے ہوئے ایم آر پی ایس کے کارکن بھارتی پولیس کے ظلم و زیادتی سے ہلاک ہوگئی تھی جمہوریت میں حقوق کے لیے احتجاج کرنے کا ہر شہری کو حق ہے ۔ ایم کرشنا مادیگا کی گرفتاری کے خلاف گورنر کو یادداشت پیش کی گئی جس پر انہوں نے خاموشی اختیار کی ہے ۔ گاندھیائی انداز میں احتجاج کرنے والے کرشنا مادیگا کے حوصلے پست کرنے کے لیے انہیں جیل میں بند رکھا گیا ۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں پسماندہ طبقات پر ظلم و زیادتی بڑھ گئی ہے ۔ ایس سی طبقہ کو زمرہ بندی فراہم کرنے کے لیے کانگریس نے اُشا مہرہ کمیٹی تشکیل دینے میں اہم رول ادا کیا ۔ ایس سی زمرہ بندی کے لیے کانگریس مکمل تائید کرے گی ۔ صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی نے ایس سی زمرہ بندی کے لیے قرار داد منظور کرتے ہوئے اپنی تائید کا اعلان کردیا ہے ۔ ایم آر پی ایس کی تحریک میں تلگو دیشم نے بھی تعاون کیا ہے ۔ صدر تلنگانہ بی جے پی ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ ایس سی زمرہ بندی کے لیے بی جے پی پوری طرح تیار ہے ۔ پارلیمنٹ میں بھی قرار داد منظور کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ وہ اس مسئلہ پر 31 جنوری کو بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے ایس سی زمرہ بندی پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر قرار داد منظور کرانے کی ذمہ داری قبول کریں تو وہ بھی مرکز کو راضی کرانے میں تعاون کریں گے ۔ اس جدوجہد میں بی جے پی بھی اپنا رول نبھائے گی ۔۔