ایس سی ایس ٹی ایکٹ کی مخالفت پر دھمکیاں : دیوکی نندن

متھورا 13 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مذہبی لیڈر دیوکی نندن ٹھاکر نے ادعا کیا ہے کہ ایس سی ایس ٹی قانون کی خلاف ورزی کرنے پر انہیں دھمکیاں مل رہی ہیں۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ ڈی ایس پی راکیش کمار نے کہا کہ ٹھاکر کا دعوی ہے کہ انہیں ایک شخص نے فون کیا اور انتباہ دیا کہ اگر وہ ایس سی ایس ٹی قانون کی مخالفت کرتے رہیں گے تو انہیں جان سے مار دیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ فون کال کرنے والے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ دیوکی نندن ٹھاکر نے کہا کہ وہ ایس سی ایس ٹی قانون کے مخالف نہیں ہیں بلکہ وہ اس کے بیجا استعمال کے مخالف ہیں۔ بعد ازاں وہ اپنے پرستاروں سے خطاب کے سلسلہ میں امریکہ روانہ ہوگئے ۔ انہوں نے ادعا کیا تھا کہ انہیں آگرہ میں جب وہ ایس سی ایس ٹی قانون کی مخالفت کرنے پر کل حراست میں بھی لے لیا گیا تھااور بعد میں ان کی رہائی عمل میں آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کے خلاف ایک اجلاس میںشرکت کیلئے انہیں مدعو کیا گیا تھا ۔ تاہم انتظامیہ کے مشورہ پر انہوں نے اس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ پولیس اب دیوکی نندن ٹھاکر کی شکایت کی تحقیقات کر رہی ہے ۔