NEET میں بہترین رینکس کا حصول ۔ ایم بی بی ایس و بی ڈی ایس کورسیس میں داخلہ ہوگا
حیدرآباد 3 جولائی ( این ایس ایس ) تاریخ میں پہلی مرتبہ ایس سی / ایس ٹی اقامتی اسکولس کے 84 غریب طلبا اب ڈاکٹرس بننے جا رہے ہیں۔ ان طلبا کی انٹرمیڈیٹ تک کی تعلیم مکمل ہوچکی ہے ۔ حال ہی میں معلنہ NEET-2017 کل ہند نتائج میں ان طلبا نے اچھے رینکس حاصل کئے ہیں اور ان کا اب ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس میں داخلہ ہونے جا رہا ہے ۔ درجہ فہرست ذاتوں کے 55 اور درج فہرست قبائل کے 9 طلبا کا ایم بی بی ایس میں داخلہ ہوگا جبکہ بی ڈی ایس میں درج فہرست ذاتوں کے 15 اور درج فہرست قبائل کے 5 طلبا کا داخلہ ہوگا ۔ تاریخ میں یہ ریکارڈ ہے کہ ایک ہی سال میں اتنی بھاری تعداد میں اقامتی اسکولس کے طلبا نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس میں داخلہ پایا ہے ۔ ریاست میں کے جی تا پی جی مفت تعلیم نظام کے تحت اقامتی اسکولس بڑے پیمانے پر قائم کئے جا رہے ہیں۔ جو لوگ ڈاکٹرس بننا چاہتے ہیں ان کیلئے ایک خصوصی تربیتی پروگرام آپریشن بلیو کرسٹل جون 2015 میں شروع کیا گیا تھا اور ان طلبا کو خصوصی تربیت دی گئی تھی ۔ اب تک اس پروگرام سے استفادہ کرنے والے 140 طلبا کو میڈیکل کورسیس میں داخلہ حاصل ہوا ہے ۔ اس تربیتی پروگرام سے کئی طلبا کو NEET-2017 میں رینکس حاصل ہوئے ہیں۔ تلنگانہ کے طلبا کو دوسرے کورسیس میں ملک کے باوقار اداروں میں داخلہ حاصل ہو رہا ہے ۔ اقامتی اسکولس کے 12 طلبا کو دہلی یونیورسٹی میں بھی داخلہ حاصل ہوا ہے ۔ اس دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اقامتی اسکولس کے طلبا کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ انہیں فخر ہے کہ یہ طلبا اب طبی کورسیس میں داخلہ حاصل کر رہے ہیں۔