ایس سی او میں ہند و پاک کی رکنیت کا قطعی فیصلہ 2016ء میں

اوفا (روس) ۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے آئندہ سال رکن بن جائیں گے۔ رسمی طور پر اس سلسلہ میں اعلان توقع ہیکہ 6 رکنی تنظیم کی چوٹی کانفرنس میں کیا جائے گا جو جاریہ ہفتہ منعقد کی جائے گی اور جس میں وزیراعظم ہندوستان نریندر مودی شرکت کریں گے۔ صدر روس کے قریبی ساتھی نے آج ایک ٹی وی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کل ایس سی او میں شریک نہیں ہوں گے۔ ان دونوں ممالک کو شامل کرنے کا طریقہ کار شروع کیا جارہا ہے۔ یوری اشاکوف نے ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ دونوں ممالک کی رکنیت کا قطعی فیصلہ آئندہ چوٹی کانفرنس میں جو آئندہ سال ہندوستان میں منعقد ہوگی، کیا جائے گا۔اشکاکوف نے روسی ٹی وی چینل روسیا ۔ 24 پر کہا کہ دونوں ممالک کو شامل کرنے کا سیاسی، فوجی اور معاشی طریقہ کار آئندہ چوٹی کانفرنس میں شروع ہوگا جو جمعرات سے منعقد ہونے والی ہے۔