ایس بی آئی میں آفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات

حیدرآباد 13 اپریل (راست) جناب سید ناظم الدین ریٹائرڈ لکچرر و صدر امان ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر اسوسی ایشن راہول کالونی ٹولی چوکی کے بموجب اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں پروبیشنری آفیسرس کی 1897 جائیدادیں تقرر طلب ہیں۔ ان جائیدادوں کیلئے درخواستیں مطلوب ہیں۔ جائیدادوں کیلئے تعلیمی قابلیت کوئی بھی بیچلرس ڈگری کامیاب یا بیچلرس ڈگری کے سال کے آخر کا امتحان لکھا ہو، امیدوار کی عمر یکم اپریل 2014 ء کو 21 اور 30 سال کے درمیان ہونی چاہئے۔ ایس سی / ایس ٹی / پی ڈبلیو ڈی امیدوار کے لئے صرف Intimation چارجس 100 روپئے جبکہ جنرل Gen / دیگر کیلئے درخواست فارم کی فیس اور Intimation چارجس 500 روپئے آن لائن / آف لائن کے ذریعہ داخل کرنا ہوگا۔ درخواست آن لائن داخل کرنے کی آخری تاریخ 25 اپریل 2014 ء ہے۔ اس کا تحریری امتحان جون میں منعقد ہوگا۔ تفصیلات ویب سائیٹ www.sbi.co.in پر دستیاب ہیں۔

جگن کس طرح غریب کسانوں کی مدد کرسکتے ہیں، پی کیشو کا سوال
اننت پور 13 اپریل (این ایس ایس) تلگودیشم پارٹی کے سینئر قائد پی کیشو نے آج استفسار کیاکہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر جگن موہن ریڈی کسانوں کی مشکلات کو کس طرح سمجھ سکتے ہیں اور قرضہ جات کیسے معاف کرسکتے ہیں جبکہ اُنھوں نے اُن کے والد آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور حکومت میں ایک لاکھ کروڑ روپئے کی عوامی دولت کو ہڑپ لیا تھا۔ ایک انتخابی جلسہ میں آئی ٹی ملازمین سے مخاطب کرتے ہوئے پی کیشو نے جگن کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جگن نے ہمیشہ اپنے خاندان کی بہتری کی کوشش کی اور کبھی بھی عوام کی فلاح و بہبود کے بارے میں نہیں سوچا۔ اُنھوں نے زور دے کر کہاکہ ان کے پارٹی صدر چندرابابو نائیڈو ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔