حیدرآباد ۔ یکم اکٹوبر (سیاست نیوز) اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کی حد کو روزانہ 40 ہزار روپئے سے گھٹاکر 20 ہزار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اِس سلسلہ میں بینک کی تمام برانچس کو سرکیولر جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ اے ٹی ایم سے رقومات نکالنے کے سلسلہ میں بے قاعدگیوں اور دھوکہ دہی کے واقعات کی کئی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل اور کیاش لیس معاملتوں کو فروغ دینے کے لئے اے ٹی ایم سے ڈبٹ کارڈس کے ذریعہ روزانہ 40 ہزار روپئے نکالنے کی حد کو گھٹاکر 20 ہزار کیا جارہا ہے۔ اِس فیصلے پر 31 اکٹوبر 2018 ء سے عمل آوری ہوگی۔ بینکنگ قواعد کے مطابق رہنمایانہ خطوط اور کسی بھی فیصلے کی کسٹمرس کو کم از کم 30 دن قبل نوٹس دی جانی چاہئے لہذا یہ فیصلہ 29 ستمبر کو لیا گیا اور تمام برانچس میں احکامات کو آویزاں کرتے ہوئے اِس کی مناسب تشہیر کی جائے گی۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ اگر کسٹمرس روزآنہ مقررہ حد سے زیادہ رقم نکالنا چاہتے ہیں تو اُنھیں زائد حد کا کارڈ حاصل کرنے کے لئے درخواست دینا ہوگا۔