ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی میں آج رشتوں کا دوبدو پروگرام

سیاست و ایم ڈی ایف کے انتظامات، سرپرست خواتین کو لڑکیوں کو ساتھ لانے کا مشورہ

حیدرآباد ۔ 31 اکٹوبر (دکن نیوز) ادارہ سیاست و مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیراہتمام یکم ؍ نومبر اتوار کو صبح 10 بجے ایس اے ایمپریئل گارڈن ٹولی چوکی میں منعقد شدنی 48 ویں دوبدو ملاقات پروگرام میں پہلی مرتبہ مائیں اور سرپرست خواتین کو اپنی لڑکیوں کے ہمراہ شرکت کی اجازت رہے گی تاکہ لڑکوں کے سرپرستوں کو اپنی پسند کے رشتوں کے انتخاب میں سہولت حاصل ہوسکے۔ پیامات طئے کرنے کے سلسلہ میں لڑکیوں کے سرپرست لڑکے والوں سے مشاورت کرسکتے ہیں۔ لڑکی والوں اور لڑکے والوں کی پہچان کیلئے ایم ڈی ایف کی جانب سے پیلے اور سبز ربن لگائے جائیں گے۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے بتایا کہ پروگرام میں 10 کاؤنٹرس رہیں گے جن میں کاونٹر نمبر ایک انجینئرنگ اور گریجویٹس کیلئے مختص ہوگا۔ کاؤنٹر نمبر دو پر میڈیسن اور فارمیسی کے پیامات ملاحظہ کی سہولت جبکہ پوسٹ گریجویٹس ایم بی اے، ایم سی اے، ایم اے، ایم ایس سی اور ایم کام کے رشتے کاؤنٹ نمبر تین پر دستیاب رہیں گے۔ اسی طرح انٹر اور ووکیشنل کیلئے کاؤنٹر نمبر چار، ایس ایس سی، حافظ و عالم کیلئے کاؤنٹر نمبر پانچ کے کونسلرس اور والینٹرس سے ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ عقدثانی کے رشتوں کیلئے کاؤنٹر نمبر چھ مختص کیا گیا ہے۔ کاؤنٹر نمبر سات پر کمپیوٹرس نصب کئے گئے ہیں جہاں کمپیوٹرس پر لڑکوں کے بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز دیکھے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ باب الداخلہ پر لڑکوں اور لڑکیوں کے رجسٹریشن کیلئے دو علحدہ علحدہ کاونٹرس ہوں گے۔ ہر کاؤنٹر پر کونسلرس کے ساتھ ساتھ والینٹرس بھی موجود رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ محترمہ خورشید فرزانہ معاون ناظمہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ اڈیشہ کا خصوصی صدارتی خطاب ہوگا۔ محترمہ شریفہ آمنہ نظامت کے فرائض انجام دیں گی۔ جلسہ کا آغاز قاریہ فاطمہ صدیقہ کی قرأت کلام پاک سے ہوگا۔ ایم اے قدیر نائب صدر فورم کے بموجب نماز ظہر کی ادائیگی کیلئے 2 بجے دن وقفہ دیا جائے گا۔ انہوں نے تمام والینٹرس اور کونسلرس سے خواہش کی ہیکہ وہ 9.30 بجے دن ایس اے ایمپریئل گارڈن پہنچ جائیں تاکہ انتظامات میں سہولت ہوسکے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اس پروگرام میں صرف خواتین شرکت کرسکیں گی۔ اس لئے مرد حضرات سے خواہش کی گئی ہیکہ وہ شرکت کی زحمت نہ کریں اور انتظامیہ سے تعاون کریں۔ لڑکوں اور لڑکیوں کے سرپرستوں سے خواہش کی گئی ہیکہ وہ اپنے ساتھ دو عدد فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس کی کاپیز ضرور لائیں جنہوں نے پہلے رجسٹریشن کروایا ہے انہیں بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن کارڈ بھی لانا ہوگا۔ جناب محمد معین الدین صدر فیڈریشن آف ٹولی چوکی کالونیز کے تعاون و اشتراک سے منعقد ہونے والے اس منفرد پروگرام میں شہر کے مضافات اور اضلاع سے بھی بیشتر خواتین نے شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے۔ جناب شاہد حسین، سید الیاس باشاہ، میرانورالدین، خدیجہ سلطانہ، ڈاکٹر دردانہ، سید ناظم الدین، ایم اے واحد، سید اصغر حسین، احمد صدیقی میکش، محمد نصراللہ خان، صالح بن عبداللہ باجازق، رقیعہ سلطانہ ثانیہ اور ایم ڈی ایف کے سرکردہ عہدیدار اور کارکن اس موقع پر شریک رہیں گے۔