حیدرآباد 19 مارچ (سیاست نیوز) ریاست میں جاریہ ماہ امتحانات ایس ایس سی کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے تیاریاں جاری ہیں ۔ امتحانات کا ٹائم ٹیبل آج جاری کردیا گیا ۔ بتایا گیا کہ امتحانات ایس ایس سی کے ہال ٹکٹس کل 20 مارچ سے جاری کئے جائیں گے ۔ ڈائرکٹر محکمہ تعلیمات مسٹر چرنجیولو نے بتایا کہ تلنگانہ میں دسویں جماعت امتحانات کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔ انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جات پولیس ‘آر ٹی سی ‘پوسٹل ‘صحت و طبابت کے تعاون سے امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ انہو ںنے بتایا کہ طلباء کو درکار اطلاعات و تفصیلات کے حصول کیلئے ہیلپ لائن 040-23230941 یا 040-23230924 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔ ڈائرکٹر تعلیمات نے بتایا کہ امتحانات کیلئے تلنگانہ میں 2614 مراکز بنائے گئے ہیں ۔ امتحانات ایس ایس سی میں جملہ 5,64,713 امیدوار شرکت کریں گے جن میں 2,92,594 طلباء اور 2,72,119 طالبات شامل ہیں ۔ مسٹر چرنجیولو نے واضح طور پر کہا کہ امتحانات ایس ایس سی میں آبجکٹیو سوالات نہیں رہیں گے ۔