ایس ایس سی کے جوابی بیاضات کی جانچ میں بھی دھاندلیوں کا انکشاف

ضلع ورنگل میں ایک عہدیدار معطل اور دو اساتذہ کے خلاف کارروائی کے اقدامات ، طلبہ میں پھر بے چینی کے خدشات
حیدرآباد۔2مئی (سیاست نیوز)انٹر میڈیٹ نتائج کے معاملہ میں حالات پر ابھی کنٹرول نہیں ہوا کہ ایس ایس سی امتحانات کے جوابی بیاضات کی جانچ میں دھاندلیوں کا انکشاف ہوا ہے اور ریجنل جوائنٹ ڈائریکٹر کی جانب سے اس بات کا اعتراف بھی کیا جاچکا ہے کہ ضلع ورنگل میں جوابی بیاضات کی جانچ میں ہونے والی بے قاعدگیوں کے سبب ایک عہدیدارکو معطل کیا جاچکا ہے اور دو اساتذہ کے خلاف کاروائی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ضلع ورنگل میں نا اہل افراد کی جانب سے ایس ایس سی جوابی بیاضات کی جانچ کی اطلاعات کے ساتھ ہی معلومات کے حصول کی کوشش کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ایک شخص نے فرضی دستاویزات جمع کرواتے ہوئے جانچ کی ذمہ داری حاصل کی تھی اسے فوری معطل کرنے کے احکامات جاری کئے جاچکے ہیں اور مزید 2اساتذہ کے خلاف کاروائی کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔آر جے ڈی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ضلع ورنگل میں 523 پرچوں کی از سر نو جانچ کی گئی ہے اور کسی بھی طرح کی کوتاہی کو دور کرنے کیلئے ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ایس ایس سی امتحانات کے جوابی بیاضات کی جانچ میں ہونے والی گڑبڑ کے اعتراف کے ساتھ ہی مختلف شعبوں کے ذمہ داروں اور اسکول انتظامیہ کے علاوہ ماہرین تعلیم میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاست تلنگانہ میں اگر ایس ایس سی نتائج کی اجرائی میں کوئی غلطی ہوتی ہے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج میں ہونے والی بے قاعدگیوں کے بعد سے جاری ہنگامہ آرائی کے دوران ایس ایس سی پرچوں کی جانچ میں ہونے والی بے قاعدگیوں کے اعتراف کے بعد سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک مرتبہ پھر طلبہ میں بے چینی کی کیفیت پیدا ہوجائے گی ۔ایس ایس سی کے جوابی بیاضات کی جانچ میں ورنگل میں جب بے قاعدگیاں ہوسکتی ہیں تو ماہرین تعلیم کا کہناہے کہ اسی طرح کی بے قاعدگیاں دیگر اضلاع میں بھی ہوسکتی ہیں اسی لئے نتائج کے اجراء سے قبل سکینڈری ایجوکیشن اور ڈائریکٹوریٹ برائے سرکاری امتحانات کو جوابی بیاضات کی جانچ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق مکمل طمانیت حاصل کرلینی چاہئے کیونکہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں نتائج کے متعلق طلبہ اور عوام میں خدشات برقرار رہیں گے اور نتائج کو قبول کرنے میں ناکام ہونے والے طلبہ کو تامل رہے گا کیونکہ انٹر میڈیٹ نتائج میں ہونے والی بے قاعدگی کے بعد اب ورنگل میں ایس ایس سی پرچوں میں دھاندلیوں کا انکشاف ہوا ہے۔