عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں انعقاد ، جناب افتخار حسین کا خطاب
حیدرآباد ۔2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : فیض عام ٹرسٹ اور ادارہ سیاست کے باہمی اشتراک سے عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں ایس ایس سی کامیاب طلباء وطالبات کے لیے کیرئیر کونسلنگ پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ نے خیر مقدم کرتے ہوئے ٹرسٹ کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ سال گذشتہ 72 طلبہ کو اسکالر شپ کے ذریعہ تعلیمی امداد فراہم کی گئی تھی جس کے ثمر آور نتائج برآمد ہوئے ۔ ذہین طلبہ جو مالی حالت کمزور ہونے کی وجہ تعلیم کا حصول مشکل تھا ۔ ان کے لیے اسکالر شپ مددگار ثابت ہوئی اور اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں ۔ تمام اسکالر شپ ہولڈرس نے امتیازی کامیابی حاصل کی ۔ ایس ایس سی کے بعد کیرئیر بنانے کے انتخاب کے لیے ماہرین کے پیانل میں ڈاکٹر مخدوم علی خاں نے میڈیکل شعبہ اور پیرا میڈیکل کالج کورسز پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ جناب عبدالوحید نے انگریزی زبان کی اہمیت کے ساتھ کمیونیکیشن اسکل پر توسیعی لکچر دیا ۔ جناب ضیا الدین نیر نائب صدر مجلس تعمیر ملت نے کہا کہ ہر طالب علم میں چھپی صلاحیت کو ابھارنے اور اپنے رجحان کے مطابق کورس کا انتخاب کرتے ہوئے مستقبل کو روشن بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے مختلف قرآنی آیات کے حوالہ جات سے طلبہ کے ساتھ اولیائے طلباء کو بھی مشورہ دیا اور ڈاکٹر حمید اللہ جو 100 کتب کے مصنف ہیں ان کے حالات زندگی کی مثال دی ۔ جناب شوکت علی مرزا نے جنرل کورسز اور کیرئیر پلاننگ کے لیے تمام طلبہ کو کیرئیر چارٹ پیش کرتے ہوئے مستقبل کو تعین کرنے کے لیے گروپ کی اہمیت بتائی ۔ ماہر کیرئیر کونسلنگ سیاست ایم اے حمید نے طالب علم کو موجودہ تعلیمی پس منظر میں جو نئی تبدیلیاں آئی اس کو بتلاتے ہوئے کہا کہ اب انٹرنس امتحانات کاغذ ، پین کے بجائے کمپیوٹر پر ہورہے ہیں ۔ مستقبل میں طالب علم اس کی اچھی مشق کریں ۔ کیرئیر زندگی کا حصہ ہے مستقبل کے کیرئیر سازی کے لیے ذہنی رجحان کے ساتھ مہارت کو مد نظر رکھیں ۔ انہوں نے تعلیم ، روزگار اور تجارت کے ساتھ چھپی صلاحیت کے ذریعہ کیرئیر کیسے بنا سکتے ہیں بتلایا ۔ اس موقع پر اعظم ، ستار نے معاونت کی ۔ مس سوہا نے نفسیات کے پہلو بتلایا ہے آخر میں ہر طالب علم کی گروپ کے ذریعہ کونسلنگ کی گئی ۔۔