ایس ایس سی میں اقلیتی اقامتی اسکولوں کا بہتر مظاہرہ

12 اسکولوں کے طلبہ کی شرکت، سکریٹری بی شفیع اللہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 14۔ مئی (سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ آئی ایف ایس نے ایس ایس سی نتائج میں بہتر مظاہرہ کرنے والے اقامتی اسکولوں کے طلبہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 12 اقامتی اسکولوں کے طلبہ نے ایس ایس سی امتحانات میں شرکت کی تھی ، ان میں سے تین اسکولوں انگول بوائز 1 ظہیر آباد ، سنگا ریڈی بوائز 1 اور ابراہیم پٹنم گرلز 1 کے نتائج صد فیصد رہے۔ سنگا ریڈی بوائز اسکول کے ماسٹر کے کلیان نے 9.8 جی پی اے حاصل کرتے ہوئے پہلا مقام حاصل کیا جبکہ ماسٹر حفیظ حیات نگر بوائز اسکول کو 9.7 نشانات حاصل ہوئے۔ پی وائیشنوی نلگنڈہ گرلز نے 9.7 نشانات حاصل کرتے ہوئے طالبات میں پہلا مقام حاصل کیا۔ ورنگل بوائز کے ماسٹر خلیل ، ماسٹر صادق نواز ، ماسٹر نعیم پاشاہ انگول بوائز، سنگاریڈی بوائز کے ماسٹر ایس بھاسکر ، اسٹیون راجو ، ماسٹر جیون ، شیخ محبوب ، ساحل انور ، نلگنڈہ بوائز کے ماسٹر اشوک، ونپرتی بوائز کے محمد محبوب اور محمد سہیل ، ابراہیم پٹنم گرلز کی وائی ساریکا اور محبوب نگر گرلز کی فوزیہ کو 9.5 نشانات حاصل ہوئے۔ بی شفیع اللہ نے کہا کہ حکومت سماج کے غریب طبقات کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے انتہائی کم مدت میں 204 اقامتی اسکول اور 12 جونیئر کالجس کے قیام کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ اقامتی اسکول سوسائٹی تعلیم کے علاوہ طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکول سوسائٹی کے طلبہ نے ناسا کا دورہ کیا اور ماؤنٹ کلیمنجارو کی چوٹی سر کی۔ انٹرنیشنل اور نیشنل ریگیٹا چمپین شپ میں گولڈ اور سلور میڈلس حاصل کئے ۔ سری لنکا میں منعقدہ اتھلیٹکس چمپین شپ میں طلبہ کو میڈلس حاصل ہوئے۔ سوسائٹی کے دو طلبہ کا اعلیٰ تعلیم کیلئے انڈین نیوی اسکول گوا کیلئے انتخاب عمل میں آیا ۔ بی شفیع اللہ نے طلبہ کو مبارکباد دی اور سرپرستوں اور پرنسپلس ، اساتذہ اور سپورٹنگ اسٹاف کی مساعی کو سراہا۔