حیدرآباد 27 نومبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ایس ایس سی طلبہ کیلئے تلگو زبان میں 35 نشانات کے حصول کی شرط کو برخاست کرتے ہوئے سابقہ 20 نشانات کو بحال کردیا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ جی او ایم ایس نمبر 10 مورخہ 26-11-2014 میں اس بات کی صراحت کی گئی ہے کہ دوسری زبان اگر تلگو یا ہندی ہو تو اس میں 35 نشانات کے حصول کے لئے جو احکام جاری کئے گئے تھے ان میں ترمیم کرتے ہوئے حکومت نے سابقہ 20 فیصد نشانات کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اس سلسلہ میں گزشتہ یوم جاری کردہ ایک جی او میں اس بات کی وضاحت کی ہے کہ امتحانی اصلاحات کے تحت نویں اور دسویں جماعت میں جو اقدامات کئے گئے تھے ان میں حکومت کی جانب سے غور و خوض کے بعد ترمیم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے کمشنر و ڈائرکٹر اسکولی تعلیمات کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات بشمول ریاستی کونسل برائے تعلیمی تحقیق و ڈائرکٹر محکمہ امتحانات تلنگانہ کو یہ احکام روانہ کردیئے ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں تلگو زبان میں کامیابی کے لئے 35 فیصد نشانات کے حصول کی شرط سے ایس ایس سی طلبہ کافی تشویش میں مبتلا تھے جن کی تشویش کو ان سرکاری احکامات نے دور کردیا ہے۔ تعلیمی سال 2014-15 میں ایس ایس سی امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو اب 20 فیصد نشانات کے حصول پر ہی کامیاب قرار دیا جائے گا۔ حکومت کے اس اقدام کا مختلف گوشوں بالخصوص اقلیتی طبقات کی جانب سے خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ 35 فیصد نشانات کے حصول کی شرط عائد کئے جانے کے سبب طلبہ میں پھیلی تشویش سے خانگی اسکولوں کی تنظیموں کے علاوہ سیاسی قائدین نے بھی حکومت کو واقف کرواتے ہوئے سابقہ نشانات بحال کرنے کے مطالبہ کئے تھے۔ حکومت نے تمام نمائندگیوں پر غور و خوض کے بعد تلگو امتحان میں 20 فیصد نشانات پر ہی کامیابی کے احکام جاری کردیئے ہیں۔ ان احکامات کے مطابق نہ صرف تلگو بلکہ طالب علم کی دوسری زبان میں 20 فیصد نشانات کا حصول کافی ہوگا خواہ وہ دوسری زبان تلگو ہو یا ہندی یا کوئی اور زبان کا طالب علم نے انتخاب کیا ہو۔