4 تا 19 جون مقرر ، 15 جون کو سماجی علم کا پرچہ عید الفطر کے دن متوقع
حیدرآباد۔24مئی (سیا ست نیوز) بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیش کے شعبہ امتحانات کی جانب سے ایس ایس سی اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کا 4تا19جون انعقاد عمل میں لایا جا ئے گا اور اس مدت میں 15 جون کو سماجی علوم کا پرچۂ دوم مقرر ہے۔ بورڈ آف سیکنڈری کی جانب سے جاری کردہ امتحانات کے ٹائم ٹیبل سے قبل ماہ رمضان المبارک شروع نہیں ہوا تھا لیکن اب جبکہ ماہ رمضان المبارک کا آغاز ہوچکا ہے اور 15یا 16جون کو عید الفطر کے امکان ہیں ایسے میں ایس ایس سی امتحان کے ٹائم ٹیبل میں تبدیلی ناگزیر ہے۔جاریہ ماہ رمضان المبار ک کے اگر 29 روزہ ہوتے ہیں اور 29ویں شب شوال المکرم کا چاند نظر آتا ہے تو ایسی صورت میں 15 جون یعنی جمعہ کو عید الفطر ہوگی اور اگر حسب امکان 30 روزے مکمل ہوتے ہیں تو ایسی صورت میں عیدالفطر 16جون بروز ہفتہ ہوگی اور ہفتہ کو عید کے ہونے کی صورت میں کوئی فرق ایس ایس سی کے نظام الاوقات پر نہیں پڑے گا لیکن اگر 29 روزوں کے بعد ہلال عید نظر آتا ہے تو ایسی صورت میں ایس ایس سی کے سماجی علوم کے پرچہ کیلئے مشکلات پیش آئیں گی اور عید کے دن امتحان منعقد کرنا نہ صرف محکمہ کیلئے مشکل ہوگا بلکہ امیدواروں کے لئے بھی انتہائی تکلیف دہ ثابت ہوگا ۔اسکولوں کے ذمہ داران کا کہناہے کہ اس طرح کی صورتحال میں عیدالفطر کو عام تعطیل ہوگی اور عام تعطیل کے دن امتحان منعقد نہیں ہوتا اوراگر 15جون کو عید ہوتی ہے تو پرچہ تو منعقد نہیں ہوگا یہ بات طئے ہے لیکن اس صورتحال سے محفوظ رہنے کیلئے محکمہ تعلیم اور بورڈ آف سیکنڈری کو قبل از وقت اس سلسلہ میں اعلان کردینا چاہئے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کسی بھی طرح کے مخمصہ میں نہ رہیں۔حکومت تلنگانہ کو اس سلسلہ میںخصوصی نوٹ لیتے ہوئے ایس ایس سی کے سماجی علوم کے پرچۂ دوم کی تاریخ میں فوری تبدیلی کا اعلان کردینا چاہئے کیونکہ عید الفطر 15 جون کو ہوگی یا 16 جون کو ہوگی اس کا قطعی فیصلہ رویت شوال المکرم پر منحصر ہے اور یہ فیصلہ 14جون کو ہی کیا جا سکتا ہے اسی لئے اس وقت تک انتظار کرنے سے بہتر یہ ہے کہ تذبذب والی تاریخ کو ہی تبدیل کردیا جائے تاکہ امیدوار بھی اطمینان کی سانس لیں۔ محکمہ تعلیم کے اعلی عہدیدارو ں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ان کی توجہ اب تک مبذول نہیں ہوئی تھی لیکن اب جبکہ مسئلہ سامنے آیا ہے تو اعلی عہدیداروں اور بورڈ آف سیکنڈری کے شعبہ امتحانات کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد سوشل کے پرچہ دوم کی تاریخ کے متعلق قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم سے اس سلسلہ میں منتخبہ عوامی نمائندوں اور ذمہ داران اسکو ل کی تنظیموں کی جانب سے نمائندگی کی جانی چاہئے تاکہ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو بھی مسئلہ کی اہمیت کا اندازہ ہوسکے۔