ایس ایس سی انگریزی پرچہ دوم 2 اپریل کو ہوگا؟

حیدرآباد ۔ 4مارچ ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں حلقہ گریجویٹ و ٹیچرس زمرہ کے تحت 22مارچ کو ایم ایل سی انتخابات کی رائے دہی کے پیش نظر 22مارچ کو مقرر مضمون انگریزی کے پرچہ دوم کے امتحان کوملتوی کرکے 2اپریل کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن ذرائع نے کہا کہ ٹیچرس کی اکثریت ٹیچرس زمرہ کے ایم ایل سی انتخاب میں اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرتے ہیں ۔ لہذا رائے دہی کے دن امتحانی ڈیوٹی پر متعین کردہ اساتذہ اپنے حق رائے سے استفادہ کرنے سے محروم ہوجانے کے خدشہ کے تحت صدر تلنگانہ ٹیچرس یونین جناب محمد عبداللہ و دیگر ٹیچرس یونینوں قائدین کی جانب سے 22مارچ کے امتحان کو ملتوی کرنے نمائندگیاں کی گئی تھیں ۔ عہدیداران 22مارچ کے امتحان کو 2اپریل کو منعقد کرنے پر غور کررہے ہیں اور فائیل منظوری کیلئے حکومت کو روانہ کی ہے ۔ ڈائرکٹر سرکاری امتحانات مسٹر سدھاکر کے مطابق 2اپریل کو ووکیشنل امتحانات سے متعلق ایک مضمون کاپرچہ تھا اور چونکہ اس امتحان میں طلبہ کی تعداد کم ہوگی اسی روز 2 اپریل کو انگریزی پرچہ دوم منعقد کرنے کا فیصلہ کیا جارہا ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ حکومت کو روانہ فائیل کے مطابق تجویز کردہ امتحانی تاریخ 2اپریل کو منظوری حاصل ہونے کے فوری بعد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا ۔