ایس ایس سی امتحان کے چوتھے دن 99 فیصد امیدواروں کی حاضری

حیدرآباد۔20مارچ(سیاست نیوز) ایس ایس سی امتحانات کے چوتھے دن تلگو زبان کے دوسرے پرچہ کے موقع پر ریاست گیر سطح پر امتحان کا پرسکون انعقاد عمل میں لایا گیا اور کسی بھی مقام سے نقل نویسی یا تلبیس شخصی کی کوئی شکایت وصول نہیں ہوئی ۔ ڈائریکٹوریٹ سرکاری امتحانات کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق تلگو زبان کے دوسرے پرچہ کے دوران امیدواروں کی حاضری کا فیصد 99.61 رہا ۔ 20مارچ کو ہوئے امتحان میں جملہ 5لاکھ 5ہزار 822 امیدواروں نے شرکت کی ہے جبکہ آج کے امتحان کیلئے جملہ 5لاکھ 7ہزار 774امیدواروں کا اندراج موجود ہے۔ اس اعتبار سے ایس ایس سی کے تلگو پرچہ دوم میں غیر حاضر رہنے والوں کی تعداد 1 ہزار 950 رہی۔ ڈرائریکٹوریٹ امتحانات نے ایس ایس سی پرچہ کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کسی بھی مقام پر نقل نویسی یا تلبیس شخصی کی شکایت موصول نہ ہونے کی بنیادی وجہ ریاست گیر سطح پر ایس ایس سی امتحانات کیلئے معیاری اور سخت انتظامات ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ 20مارچ کے امتحان کے دوران فلائنگ اسکواڈ اور آبزرورس نے 898 امتحانی مراکز کا احاطہ کیا ہے اور امتحانات کے دوران مبصرین اور فلائنگ اسکواڈ کے ذریعہ نہ صرف طلبہ بلکہ امتحانی عملہ پر بھی گہری نظرکھی جا رہی ہے۔