ایس ایس سی امتحانات کے 88.62 فیصد نتائج

ریاست میں مشرقی گوداوری کو پہلا اور عادل آباد کو آخری مقام، لڑکیوں کو سبقت

حیدرآباد 15 مئی (سیاست نیوز ) ریاست بھر میں ماہ مارچ و اپریل کے دوران منعقدہ امتحانات ایس ایس سی 2014 کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ اعلان کردہ نتائج کے مطابق امتحانات ایس ایس سی ریگولر کے نتائج کا اوسط 88.62 فیصد رہا ۔ ان نتائج میں طلباء کے مقابلہ میں طالبات کو ہی سبقت حاصل رہی ۔ طلباء لڑکوں کے نتائج کا اوسط 87.96 فیصد رہا اور طالبات (لڑکیوں) کے نتائج کا اوسط 89.33 فیصد رہا جبکہ خانگی طور پر ایس ایس سی امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبا و طالبات کا نتیجہ 45.57 فیصد رہا جس میں لڑکوں کا اوسط 42.44 فیصد اور لڑکیوں کے نتائج کا اوسط 51.80فیصد رہا ۔ اعلان کردہ نتائج امتحانات ایس ایس سی میں ضلع مشرقی گوداوری کو ریاست بھر میں 96.26 فیصد کے ذریعہ پہلا مقام حاصل ہوا جبکہ ضلع عادل آباد کو ریاست بھر میں 58.31 فیصد نتیجہ کے ذریعہ آخری مقام حاصل ہوا ہے جبکہ 5784مدارس کے نتائج صد فیصد رہے اور ریاست کے مختلف مقامات پر واقع 77 مدارس کے نتائج صفر فیصد رہے جن میں 14 سرکاری مدارس 55 خانگی مدارس اور 08 ایڈیڈ (امدادی ) مدارس شامل ہیں ۔ آج یہاں ریاستی سکریٹریٹ میں مسرس راجیشو تیواری پرنسپال سکریٹری محکمہ تعلیم، منمدا ریڈی ڈائرکٹر ریاستی سرکاری امتحانات کے ہمراہ مسٹر صلا ح الدین احمد مشیر برائے ریاستی گورنر نے امتحانات ایس ایس سی کے نتائج کی ’’سی ڈی‘‘ جاری کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مذکورہ انکشاف کیا اور بتایا کہ ریاست بھر میں امتحانات ایس ایس سی ریگولر میں جملہ 10,61,703 طلباء طالبات نے شرکت کیں۔ جن کے منجملہ 9,40,924 طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کیں ۔ اس طرح نتائج کا اوسط 88.62 فیصد رہا ۔ اسی طرح امتحانات ایس ایس سی )پرائیویٹ( خانگی طور پر شرکت کرنے والے طلباء و طالبات کی تعداد 1,53,688 ہے ۔ جن کے منجملہ 70,036طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کیں اس طرح نتائج کا اوسط 45.5 فیصد رہا ۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ مارچ و اپریل 2014 انہوں نے بتایا کہ امتحانات ایس ایس سی سپلیمنٹری کا 16 جون تا 28 جون صبح 9.30 بجے صبح تا 12 بجے دوپہر تک انعقاد عمل میں لایا جائے گا اور ان انتخابات کیلئے اپنے متعلقہ مدارس میں امتحانی فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 مئی مقرر ہے ۔ جبکہ کامیاب امیدواروں کے گریڈ شیٹس آئندہ دس یوم میں فراہم کئے جائیں گے ۔ اسی طرح ناکام امیدواروں کے میمورنڈم آف مارکس بھی 25 مئی تک جاری کردئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے طلباء و طالبات کو جو اپنے نشانات کی دوبارہ گنتی کروانا چاہتے ہوں وہ فی مضمون کیلئے 500 روپئے نتیجہ کے اعلان سے اندرون 12 یوم ادا کرنا ہوگا ۔ علاوہ ازیں ایسے طلباء و طالبات کو جو اپنے جوابی بیاض کی فوٹو کاپی حاصل کرنا چاہتے ہوں وہ فی مضمون پرچہ کیلئے 1000 روپئے بہ شکل چالان ادا کر کے درخواست فارم داخل کرنا ہوگا۔