حیدرآباد۔24ستمبر(سیاست نیوز) ایس ایس سی امتحانات کے فیس کے ادخال کے سلسلہ میں ڈائریکٹر برائے امتحانات حکومت تلنگانہ کی جانب سے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ۔ ایس ایس سی امتحانات کی فیس کے ادخال کی آخری تاریخ بغیر کسی جرمانہ کے 29اکٹوبر مقر ر کی گئی ہے جبکہ 50روپئے جرمانہ کے ساتھ فیس کے ادخال کی آخری تاریخ 12نومبر مقرر کی گئی ہے اس کے علاوہ 200 روپئے جرمانہ کے ساتھ 26نومبر تک فیس داخل کرنے کی سہولت حاصل رہے گی اور 500 روپئے جرمانہ کے ساتھ فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ 10ڈسمبر رکھی گئی ہے۔ ڈائریکٹر برائے سرکاری امتحانات حکومت تلنگانہ کی جانب سے تمام مسلمہ ‘ سرکاری ‘ خانگی اور امدادی اسکولو ںکے ذمہ داران کو روانہ کردہ اس اعلامیہ میں اس بات کی بھی صراحت کردی گئی ہے کہ وہ کب تک اپنے ایس ایس سی امیدواروں کی فیس اور دیگر تفصیلات محکمہ تعلیم کے پاس جمع کرواسکتے ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ ریاست تلنگانہ میں ایس ایس سی امیدواروں کی امتحانی فیس کے ادخال کی آخری تاریخ میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی ۔اسکول انتظامیہ کی جانب سے ایس بی آئی میں فیس کے چالان کے بغیر کسی دیرینہ فیس کے ادخال کی آخری تاریخ 31اکٹوبر مقرر کی گئی ہے جبکہ 50روپئے دیرینہ فیس کے ساتھ 14نومبر تاریخ مقرر کی گئی ہے اسی طرح 27نومبر200 روپئے جرمانہ کے ساتھ فیس کا چالان اسکول انتظامیہ کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں داخل کیا جاسکتا ہے جبکہ 11ڈسمبر2018تک 500 روپئے دیرینہ فیس کے ساتھ فیس چالان اسکول انتظامیہ کی جانب سے جمع کروانے کی آخری تاریخ مقرر ہے۔