ایس ایس سی امتحانات کا آغاز ، چند مراکز میں امتحان کے آغاز میں تاخیر

حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں آج ایس ایس سی امتحانات کا آغاز ہوا اور دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں مختلف مراکز پر پولیس و محکمہ تعلیم کی جانب سے وسیع انتظامات دیکھے گئے ۔ شہر میں طلبہ کی بڑی تعداد وقت پر امتحانی مراکز پر دیکھی گئی تاکہ پہلے پرچہ میں کسی قسم کی دشواری نہ ہونے پائے ۔ مسٹر ایم سومی ریڈی ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر حیدرآباد کے بموجب دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مراکز سے کوئی بڑی شکایات موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی انتظامات و پرچہ میں تاخیر کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے پرچہ کے متعلق مجموعی طور پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ وسیع ترین انتظامات کے سبب دونوں شہروں میں ایس ایس سی امتحانات کا آغاز پرامن طریقہ سے ہوا ۔ زبان اول کے پہلے پرچہ میں دونوں شہروں کے مراکز کا فلائنگ اسکواڈ نے معائنہ کیا اور پہلے دن 125 امیدواروں کو نقل نویسی کے الزام میں پکڑا گیا ہے ۔ مسٹر یم سومی ریڈی نے بتایا کہ پہلے امتحان میں 975 امیدوار غیر حاضر رہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے حدود میں جملہ 71 ہزار 567 امیدواروں کو ہال ٹکٹس جاری کئے گئے تھے جس میں 70 ہزار 592 امیدواروں نے آج امتحان تحریر کیا ۔ ریاست گیر سطح پر حکومت کی جانب سے ایس ایس سی امتحانات کے لیے 2619 مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں پر 5 لاکھ سے زائد امیدوار امتحانات تحریر کریں گے ۔ حکومت کی جانب سے کئے گئے انتظامات میں 147 فلائنگ اسکواڈس کی خصوصی ٹیمیں بھی شامل ہیں جو کہ تلبیس شخصی اور نقل نویسی کے واقعات کو روکنے کے لیے تشکیل دی گئی ہیں ۔

حیدرآباد ضلع ایجوکیشنل آفیسر مسٹر ایم سومی ریڈی نے امتحانات کے دوران بلاوقفہ برقی سربراہی یقینی بنانے کے علاوہ دونوں شہروں کے امتحانی مراکز میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کی ہدایت دے رکھی ہے ۔ علاوہ ازیں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے ایس ایس سی امیدواروں کی سہولت کے لیے خصوصی بس سرویس چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج پہلے امتحان کے موقعہ پر بعض مراکز پر امتحان کا آغاز 10-15 منٹ تاخیر سے ہونے کی شکایات موصول ہوئی لیکن انتظامیہ اور حکام کے بموجب پہلے امتحان میں اتنی تاخیر معمول کی بات ہے اسی لیے یہ کوئی بڑا یا زیادہ اہم مسئلہ نہیں ہے ۔ حکام کے بموجب بعض سرکاری اسکولوں میں جہاں امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں وہاں بنیادی سہولتوں کی عدم موجودگی کی شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ جس کا سرکاری و انتظامی سطح پر جائزہ لینے کی ہدایت دی جاچکی ہے اور توقع ہے کہ جلد از جلد ان مسائل کو بھی حل کرلیا جائیگا ۔ ضلع انتظامیہ نے تمام ایس ایس سی مراکز پر صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ امیدواروں کو کسی قسم کی دشواری نہ ہونے پائے ۔ امتحانی مراکز کے باہر محکمہ پولیس کی جانب سے بھی سخت بندوبست کیا گیا ہے ۔۔