حیدرآباد۔/26مارچ، ( پریس نوٹ ) ایس ایس سی سالانہ امتحانات کا ریاست بھر میں 27مارچ جمعرات سے آغاز ہوگا جو 15اپریل تک جاری رہیں گے۔ جن کے اوقات صبح 9:30 بجے تا دوپہر 12:00 بجے رہیں گے۔ ان امتحانات کے لئے حیدرآباد اور اضلاع میں مجموعی طور پر 5,658 مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں ریاست بھر کے 21,076 اسکولس کے تقریباً 12,26,460 طلباء و طالبات شرکت کریں گے۔ ڈائرکٹر بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن منمدھا ریڈی نے کہا کہ امتحانات کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
تمام اسکولوں کوامیدواروں کے ہال ٹکٹس پہلے ہی روانہ کئے جاچکے ہیں۔ امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ صبح 8بجکر 45منٹ پر امتحانی مراکز پر پہنچ جائیں۔ تاخیر سے آنے والوں کو امتحان ہال میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نقل نویسی کے انسداد کیلئے 300 فلائنگ اسکواڈس تشکیل دیئے گئے ہیں۔ پرچوں کی جانچ 15اپریل سے شروع کردی جائے گی اور توقع ہے کہ اواخر مئی تک نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں واقع تمام امتحانی مراکز کے اطراف وسیع تر سکیوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں اور غیر ضروری افراد کی موجودگی کو روکنے کا بندوبست کیا گیا۔
انٹر میڈیٹ کالجس کو گرمائی تعطیلات کا ہفتہ سے آغاز
حیدرآباد۔/26مارچ، ( پریس نوٹ ) آندھرا پردیش میں تمام انٹر میڈیٹ کالجس کو 29مارچ تا 3جون گرمائی تعطیلات دی گئی ہیں۔ سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ راما شنکر نائیک( آئی اے ایس) کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق تمام انٹر میڈیٹ کالجس 4جون سے دوبارہ کھولے جائیں گے۔ تمام کالجس کے پرنسپالس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے کالجس بند رکھیں۔ گرمائی ووکیشنل کلاسیس کے نام پر کالج چلانے والوں اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث خاطی پائے جانے والے انتظامیہ جات اور اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اور تاکید کی گئی ہے کہ اس مدت کے دوران کلاسیس نہ چلائیں اور بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی جانب سے شیڈول کے اعلان سے قبل داخلوں کا عمل شروع نہ کیا جائے۔