ایس ایس سی امتحانات میں لسانی لحاظ سے انگریزی میڈیم کو سبقت

اردو میڈیم کے 10 ہزار 537 امیدواروں میں 8 ہزار 917 کی کامیابی ، اقامتی اسکولس کا بھی شاندار مظاہرہ
حیدرآباد۔13مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں لسانی اعتبار سے ایس ایس سی امتحانات میں کامیاب ہونے والوں میں سب سے بڑی تعداد انگریزی میڈیم کی ہے جس میں 3لاکھ 8ہزار 635 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی اور انگریزی میڈیم کے ذریعہ امتحانات میں حصہ لینے والوں کی تعداد 3لاکھ 27ہزار212 رہی اور کامیابی کا فیصد 94.32رہا۔سال گذشتہ انگریزی میڈیم سے کامیاب ہونے والوں کا فیصد 88.96تھا جبکہ فیصد اور تعداد کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر تلگو میڈیم کے طلبہ ہیں جنہوں نے 89.26فیصد کامیابی حاصل کی اور سال گذشتہ ان کی کامیابی کا فیصد 75.37 تھا ۔ تلگو میڈیم سے 1لاکھ 67ہزار765طلبہ نے امتحانات میں حصہ لیا جن میں 1لاکھ 49ہزار 740 امیدوارو ںنے کامیابی حاصل کی ہے۔ اردو میڈیم ذریعہ تعلیم کے ساتھ ایس ایس سی امتحانات میں شرکت کرنے والے جملہ 84.63 فیصد طلبہ نے کامیابی حاصل کی جبکہ سال 2018میں ان کا کامیابی کا فیصد 73.04 رہا تھا۔ اردو میڈیم سے جملہ 10ہزار 537طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی اور ان میں 8ہزار917 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ۔ریاست کے اسکولوں میںبی سی ویلفیر اسکولوں میں کامیابی کا فیصد 98.78رہا جبکہ دیگر اقامتی اسکولوں میں کامیابی کا فیصد 98.54 رہا تیسرے نمبر پر ماڈل اسکول رہے جن میں کامیابی کا فیصد 98.45 رہا تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولوںکے نتائج کا فیصد 90.92رہا ۔ 12 اقلیتی اقامتی اسکولو ںکے طلبہ نے ایس ایس سی امتحانات میں شرکت کی تھی جن میں 1اسکول کے نتائج 100 فیصد رہے ۔اقلیتی اقامتی اسکولوں سے جملہ 595 طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی جن میں 541 طلبہ نے کامیابی حاصل کی۔ریاست کے سرکاری اسکولوں میں کامیابی کا مجموعی فیصد 84.38 رہا جبکہ خانگی اسکولوں کا مجموعی فیصد 93.65 ریکارڈ کیا گیا ۔خانگی اسکولوں سے جملہ2لاکھ 37ہزار 18 طلبہ نے شرکت کی تھی جن میں 2لاکھ 21ہزار 958طلبہ نے کامیابی حاصل کی ۔امدادی اسکولوں میں کامیابی کا فیصد 88.64 ریکارڈ کیا گیا جن میں 8ہزار492 طلبہ نے کامیابی حاصل کی اور ضلع پریشد اسکولوں کا مجموعی کامیابی کا فیصد 91.26رہا۔