حیدرآباد ۔ 24 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے کل 25 مارچ سے شروع ہونے والے ایس ایس سی امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء وطالبات کے لیے امتحانی مراکز تک آمد و رفت کی مفت سہولت فراہم کرنے بسیس چلائی جارہی ہیں ۔ امتحانات 11 اپریل تک جاری رہیں گے ۔ تلنگانہ آر ٹی سی کے پریس نوٹ کے بموجب مفت سفر کی سہولت طلباء وطالبات اپنے ہال ٹکٹس دکھا کر حاصل کرسکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ رعایتی بس پاسیس بھی کارکرد رہیں گے ۔ دوران امتحانات عام تعطیل بھی ہوجائے تب بھی اس سہولت سے استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ امتحانات کے دوران طلباء ہال ٹکٹس کی بنیاد پر ایکسپریس بسوں میں بھی سفر کرسکتے ہیں ۔ اگر ان کے پاس کوئی رعایتی بس پاس نہ ہو تو معمول کا کرایہ لے کر ٹکٹ جاری کیا جائے گا ۔ آر ٹی سی کے متعلقہ ریجنل مینجرس متعلقہ ڈی ای اوز سے رابطہ میں رہیں گے تاکہ مناسب تعداد میں بسیں چلائی جاسکیں ۔ اس دوران آر ٹی سی تلنگانہ عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ طلباء کی سہولت کیلئے چلانے درکار تعداد میں بسیں دستیاب ہیں ۔