پہلے دن طلبہ کو سہولتوں کی عدم فراہمی،فرنیچر عدم دستیاب
حیدرآباد 27 مارچ (سیاست نیوز) ریاست بھر میں آج ایس ایس سی امتحانات کا آغاز ہوا لیکن امتحان کے پہلے دن ہی پرانے شہر کے متعدد امتحانی مراکز کے طلبہ نے امتحانی مراکز میں سہولتوں کی عدم فراہمی کی شکایت کی۔ دونوں شہروں میں سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں خصوصی ہدایات کے باوجود و بیشتر امتحانی مراکز میں طلبہ کو بیٹھنے کیلئے مناسب فرنیچر تک فراہم نہیں کروائے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ بعض امتحانی مراکز جو کہ خانگی اسکولوں میں بھی موجود ہیں ان میں بھی طلبہ کو مناسب فرنیچر نہ ہونے کے سبب امتحان تحریر کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔ شہری علاقوں میں اس طرح کی شکایات سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ نواحی علاقوں اور دیہی علاقوں میں طلبہ کی حالت کیا ہوگی اور وہ اپنی زندگی کا اہم ایس ایس سی امتحان کیسے تحریر کررہے ہوں گے؟ پرانے شہر میں امتحان تحریر کررہے ایک مرکز کے طلبہ نے بتایا کہ انہیں بیٹھنے کے لئے جو فرنیچر کا نظم کیا گیا ہے وہ پرائمری کلاس کے طلبہ کا فرنیچر ہے جس پر بیٹھ کر امتحان تحریر کرنا انتہائی دشوار ہے۔ علاوہ ازیں بیشتر مراکز پر پینے کے پانی کے علاوہ دیگر مسائل بھی طلبہ کو درپیش رہے۔ ذرائع کے بموجب اسکولوں میں کلاس جاری رہنے کے سبب اسکول انتظامیہ کی جانب سے پرائمری طلبہ کے فرنیچر اور کلاس میں امتحانی طلبہ کو جگہ فراہم کررہے ہیں اور دوسرے گوشہ میں روز مرہ کے مطابق اسکول چلا رہے ہیں۔