ایس آر ڈی پی کے تحت ترقیاتی کاموں کو یقینی بنانے پر توجہ

بعض علاقوں میں حصول اراضیات کے لیے قانونی رسہ کشی ، دانا کشور کمشنر بلدیہ کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔25اپریل(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں ایس آر ڈی پی منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے اور سڑکوں کو بہتر بنانے کے کاموں کو تیز کرنے کے سلسلہ میں مسٹر دانا کشور کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا اور اجلاس کے دوران اب تک مکمل کئے جانے والے کاموں کے علاوہ جن علاقوں میں کام شروع کئے جانے ہیں ان کی تفصیلات سے آگہی حاصل کرتے ہوئے کمشنر جی ایچ ایم سی نے مستقبل کی منصوبہ بندی کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔حکومت تلنگانہ نے شہر حیدرآباد میں 24ہزار کروڑ کی لاگت سے تیار کردہ اسٹراٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پلان کو قابل عمل بنانے کی ہدایت جاری کی تھی اور اس بات کا تیقن دیا گیا تھا کہ شہر حیدرآباد کی سڑکوں کی بہتری کیلئے اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے تیار کردہ منصوبہ پر من و عن عمل آوری کی جائے گی لیکن مختلف وجوہات کی بناء پر اس منصوبہ کو قابل عمل نہیں بنایا جاسکا لیکن جن مقامات پر کوئی دشواریاں یا فنڈس کی قلت نہیں ہے ان علاقو ںمیں ایس آر ڈی پی کے تحت ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ شہر حیدرآباد کے حدود میں جن علاقوں میں جائیدادوں کے حصول کو یقینی بنانا ہے ان علاقوں میں کاموں کے آغاز میں تاخیر کی حکمت عملی تیار کرنے کا اس اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا ۔کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور کی جانب سے طلب کئے گئے اس جائزہ اجلاس میں تمام 6زون سے تعلق رکھنے والے عہدیدار موجود تھے اور اپنے اپنے زون میں جاری کاموں اور مکمل کئے گئے کاموں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی او ربتایا کہ بعض مقامات پر قانونی رسہ کشی کے سبب جائیدادوں کے حصول میں دشواریاں پیش آرہی ہیں اور بعض مقامات پر فنڈس کی قلت کی شکایات کابھی سامنا ہے۔اجلاس کے دوران دانا کشور نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ایس آر ڈی پی کے تحت تیار کردہ اس منصوبہ کو قابل عمل بنانے کیلئے ان کے دائرہ میں موجود تمام امور کی تکمیل کو یقینی بنائیں اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب فنڈس کی عارضی قلت کو جلد ہی دور کرلیا جائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی نے اس منصوبہ کے لئے جی ایچ ایم سی کو حاصل ہونے والی آمدنی کا بڑا حصہ فراہم کرنے کا بھی منصوبہ فراہم کیا ہے ‘ ماہ جون کے اوائل کاموں کو تیز کیا جائے گا۔