ناگپور4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )ایر مارشل پی وی کنک راج ایر آفیسر کمانڈنگ ان چیف مینٹیننس کمانڈ ہندوستانی فضائیہ نے آج کمانڈرس کی سالانہ کانفرنس کا افتتاح کیا ۔ 3 روزہ کانفرنس مینٹیننس کمانڈ ہندوستانی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹرس وائیو سینا نگر میں منعقد کی جارہی ہے اور اس میں فضائیہ کی تمام شاخوں کے کمانڈرس مینٹیننس کمانڈ کے تحت شرکت کررہے ہیں۔ محکمہ دفاع کے ایک بیان میںکہا گیا ہے کہ کانفرنس کا مقصد جاری سرگرمیوں اور پراجکٹس پر نظر ثانی کرنا ہے۔ حکمت عملیاں اور دیکھ بھال کے منصوبے تیار کئے جائیں گے تا کہ نئی ٹکنالوجی اور ہتھیاروں کے نظاموں کی ہندوستانی فضائیہ میں تعیناتی سے پیدا ہونے والے دیکھ بھال کے مسائل کی یکسوئی کی جاسکے ۔ اپنی تقریر میں ایر مارشل پی وی کنک راج نے مختلف شاخوں کی مہارت کے شعبوں کی ستائش کی اور کہا کہ مقصد مرکز توجہ مہارت کی سطح تک پہنچانا اور ساتھ ہی ساتھ اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے دنیا بھر کو متاثر کرنے والے مسائل کا عمومااور ہندوستانی دفاعی خریداریوں کو متاثر کرنے والے مسائل کا خاص طور پر تبصرہ کیا اور غیر ملکی سربراہ کنندوں پر انحصار کم کرنے کیلئے دیسی ساختہ ہتھیاروں کی ضرورت پر زور دیا۔