شمس آباد۔/21مارچ، ( سیاست نیوز) ایر ایشیاء انڈیا نے آج راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ شمس آباد پر اپنے چوتھے ایر کرافٹ کا افتتاح کیاجسے جے آر ڈی ٹاٹا کی نذر کیا۔ اس موقع پر مسٹرچنڈلیا چیف ایگزیکیٹو آفیسر ایر ایشیا انڈیا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں آج جشن منانا چاہیئے کیونکہ جے آر ڈی ٹاٹا کے بناء ایر ایشیا کا خواب ہندوستان میں ادھورا ہی رہتا۔ انہوں نے ایر ایشیا کومضبوطی بخشی ہے اور ساتھ ہی ساتھ ایر ایشیا انڈیا ٹیم کی محنت کی وجہ سے آج اس مقام تک پہنچ پائی ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم ہمارا چوتھا ایر کرافٹ متعارف کررہے ہیں جسے جے آر ڈی ٹاٹا سے موسوم کررہے ہیں۔ ٹونی فرنانڈیز سی ای او ایر ایشیاء نے کہا کہ ایر ایشیاء نے جے آر ڈی ٹاٹا کو ایر ایشیا کا چوتھا ایر کرافٹ فراہم کیا ہے جنہوں نے ہندوستان میں ایر کرافٹ کو ایک مخصوص مقام تک پہنچایا ہے۔ کم کرایہ پر ٹکٹ کے ساتھ تمام سہولیات مہیا کرتے ہوئے ہر ہندوستانی کے خواب کو پورا کرنا ہمارا مقصد ہے۔ رتن ٹاٹا نے کہا کہ جے آر ڈی ٹاٹا بصیرت والے شخص تھے جنہوں نے اپنے خواب کو پورا کرتے ہوئے ہندوستان میں ایوی ایشن سنٹر قائم کیا۔ انہیں یقین تھا کہ وہ یہ کام کریں گے اور اس سے پورے ملک کی عوام کو فائدہ پہنچے گا۔اس موقع پر راما دورائی ایکزیکیٹو چیرمین ایر ایشیا انڈیا، ایس جی کے کشور سی ای او جی ایچ آئی اے ایل کے علاوہ ایر ایشیا اسٹاف وغیرہ موجود تھا۔