ایر انڈیا کی 100 روپئے میں پرواز! ویب سائیٹ بوجھ برداشت نہ کرسکی

نئی دہلی ، 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل ایرلائنس ایرانڈیا نے آج چہارشنبہ کو سابقہ انڈین ایرلائنس کے ساتھ اپنے انضمام کی خوشی ’ایرانڈیا ڈے‘ کے طور پر منائی اور محدود مدت کیلئے 100 روپئے میں ٹکٹس کی پیشکش کی۔ اس ساتھ ہی بکنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا اور غیرمعمولی بوجھ کی وجہ سے ویب سائیٹ کراش ہوگئی تھی۔ ایرانڈیا ایکسپریس نے چند گھنٹوں تک ویب سائیٹ غیرکارکرد ہوجانے پر صارفین سے معذرت خواہی کی ہے۔ کل جاری کردہ بیان میں ایرلائنس نے بتایا تھا کہ یہ ٹکٹس اس کی ویب سائیٹس پر 5 دنوں کیلئے 27 اگست تا 31 اگست تک 5 یوم کیلئے دستیاب رہیں گے اور ان ٹکٹوں پر 27 اگست تا 30 ستمبر تک کی مدت کے دوران ہی سفر کیا جاسکے گا۔ یہ پہلی بار ہیکہ ایرانڈیا، انڈین ایرلائنس کے ساتھ اپنے انضمام کی خوشی ’ایرانڈیا ڈے‘ کے طور پر منا رہا ہے۔ ایرلائنس اپنے بہترین ملازمین کو ایک تقریب میں انعامات بھی دے رہی ہے۔