حیدرآباد ۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) وزیرصحت تلنگانہ لکشماریڈی نے کہا کہ ریاست میں ایریا ہاسپٹلس کو سوپر اسپیشلٹی ہاسپٹلس میں ترقی دینے کیلئے جائزہ لیا جارہا ہے۔ آج اسمبلی میں کانگریس کے ارکان اسمبلی ڈی کے ارونا اور پدماوتی ریڈی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیرصحت لکشماریڈی نے کہا کہ نظم و نسق کو عوام سے قریب کرنے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے اضلاع کی تنظیم جدید کی ہے جس سے محکمہ صحت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں آئی ہیں۔ ہاسپٹلس کو ترقی دینے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ بعض اضلاع میں 50 اور بعض اضلاع میں 100 بستروں پر مشتمل سرکاری ہاسپٹلس موجود ہیں۔ انہیں ترقی دینے کیلئے اسٹڈی کی جارہی ہے۔ تاہم ہاسپٹلس میں آئی سی یو، ڈیلاسیس کے علاوہ دوسری بنیادی سہولتیں فراہم کردی گئی ہے۔ گدوال ہاسپٹل کو ترقی دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ عالم پور چوراہا پر ہاسپٹل تعمیر کرنے کی چیف منسٹر نے ہدایت دی ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہیکہ ہاسپٹلس کی ترقی اور دوسرے امور میں مقامی ارکان اسمبلی سے مشاورت کرنے ان کی تجاویز بھی حاصل کرنے کا مشورہ دیا گیا۔